خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
صوبے میں نئی حکومت غیر قانونی طور پر قدرتی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوشہرہ اور کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔
گرینڈ آپریشن کے دوران غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی تمام بھاری مشینری نذرِ آتش کر دی گئی۔ کارروائی کے دوران ملوث عناصر کے قبضے سے بھاری نقدی اور غیر قانونی کان کنی کا سامان برآمد ہوا ہے۔
غیر قانونی کان کنی مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن میں فرض کی ادائیگی کے دوران کے پی پولیس کے بہادر جوانوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت اور انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔