آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس کے حامی ہیں، امیرجماعت اسلامی

جماعت اسلامی 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا پاور شو کرے گی، حکومت جلسہ روکنے کی کوشش نہ کرے، حافظ نعیم


آصف محمود November 15, 2026
فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک

لاہور:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس بنانے کے حق میں ہے۔

لاہور میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب میں حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا پاور شو کرے گی، حکومت جلسہ روکنے کی کوشش نہ کرے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 نومبر کے جلسے سے قبل بھرپور مہم چلائی جائے گی، 5 دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں بھی تاریخی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کو بلوچستان میں بھی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جماعت اسلامی لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے 15 ہزار اسکول آؤٹ سورس کرکے پنجاب میں تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے، نظام بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے۔