اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اپوزیشن رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ نے وزیراعظم نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت بنانے کی پیشکش مسترد کردی ہے۔
انہوں نے نیتن یاہو کے مطالبے کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرچکے ہیں اور اب اقتدار برقرار رکھنے کے لیے اتحاد کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیتن یاہو نے جاری کردہ ویڈیو بیان میں ایک مرتبہ پھر اپوزیشن رہنما کو قومی اتحادی حکومت بنانے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں تمام اہم سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ایک مشترکہ حکومت قائم کرنی چاہیے۔
نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ قومی اتحادی حکومت اسرائیل کو درپیش سلامتی کے خطرات، بالخصوص ایران کے جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔
آئزنکوٹ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ان ارکان کو نئی حکومت میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں جو ان کے پیش کردہ اصولوں سے اتفاق کریں۔
ان اصولوں میں اسرائیل کو یہودی اور جمہوری ریاست تسلیم کرنا، تمام شہریوں کے لیے لازمی فوجی سروس، حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا اور غزہ میں اس کی عسکری و حکومتی طاقت ختم کرنا شامل ہیں۔
تاہم آئزنکوٹ اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے نیتن یاہو کی سربراہی میں حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا ہے.