کراچی: منگھوپیر بابا کے مزار پر موجود 200 سے زائد مگرمچھ سنگین مسائل سے دوچار

مہنگا ہونے کے سبب زائرین گوشت کم لانے لگے، جھیل کے گندے پانی نے سنگینی بڑھادی،مگرمچھ لاغر اور بیمار پڑنے لگے


آفتاب خان November 15, 2026

کراچی:

منگھوپیر میں واقع حضرت سخی سلطان شاہؒ کے مزار سے متصل جھیل میں موجود مگرمچھ کئی دہائیوں سے زائرین اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں، تاہم عقیدت اورقدیم روایات سے جڑے ان مگرمچھوں کو اب خوراک کی قلت، جھیل کی محدود گنجائش اور بوسیدہ حفاظتی دیواروں جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

یومیہ بنیاد پر تازہ گوشت  کے متقاضی مگرمچھ غذائی قلت کے سبب زائرین اور عقیدت مندوں کے اونٹ کے منہ میں زیرے کی مصداق خوراک پر پل رہے ہیں، جھیل میں صاف پانی کی عدم شمولیت نے معاملے کی سنگینی اور بڑھادی ہے، آلودہ اور بڑی حد تک کائی زدہ پانی کی وجہ سے مگرمچھ لاغر اور بیمار پڑنے لگے، ایک ہزار گز رقبے کی حامل جھیل میں پلتے 200 مگرمچھ  محدود گنجائش کی وجہ سے ایک دوسرے پر حملہ آور ہوجاتے ہیں۔ جھیل کے گرد بنی حفاظتی دیوار بوسیدگی کی آخری حدوں کو چھورہی ہے اور کسی وقت بھی اس ڈھے جانے کے نتیجے میں کسی بھی حادثے کاسب بن سکتی ہے۔

شہر کے مضافاتی علاقے منگھوپیر میں واقع پیر سخی سلطان شاہؒ کے مزار پر عرصہ دراز سے عقیدت مندوں کی جوق درجوق آمد کا سلسلہ جاری ہے، نوچندی، شیدی میلہ اور ہر جمعرات کو یہاں زائرین کی تعداد بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

اس مزار کی ایک شہرت گرم پانی کا چشمہ بھی ہے، پہاڑوں کے دامن سے پھوٹنے والے اس گرم چشمے کی خاصیت یہ ہے کہ کسی بھی جلدی مرض میں مبتلا فرد گرم چشمے کے پانی سے غسل کے بعد شفاء یاب ہوجاتا ہے۔

اس مزار کی دوسری بڑی مقبولیت اس سے ملحقہ جھیل میں موجود دیو ہیکل مگرمچھ ہیں جوکہ اپنی جسمانی ساخت اور کسی قدرے مختلف تھوتنی کی وجہ سے دنیا بھر میں پائے جانے والے مگرمچھوں اور اسی کے ایک خاندانی جانور گھڑیال سے یکسر مختلف ہیں۔

عقید مند ان مگرمچھوں کے وجود کو حضرت بابا فرید گنج شکرؒ کی کرامات قراردیتے ہیں، مزار اور جھیل کے نگران و  منتظم خلیفہ سجاد کے مطابق مگرمچھوں کی دیکھ بھال اور خدمت کا سلسلہ ان کے خاندان کی تیسری نسل سے جاری ہے۔

خلیفہ سجاد کا کہنا ہے کہ گوشت خور جاندار ہونے کے باعث مگرمچھوں کو مرغی، گائے اور بکرے کا گوشت فراہم کیا جاتا ہے، ماضی میں یہاں منتیں اور مرادیں مانگنے کے لیے آنے والے زائرین کی جانب سے مگرمچھوں کے لیے گوشت فراہم کیا جاتا تھا، یہ وہ دور تھا جب بکرے کا گوشت 700 سے ایک ہزار روپے فی کلو مل جاتا تھا مگر اب بکرے کا گوشت ڈھائی ہزار روپے کلو ہے تو زائرین بھی اتنی مہنگائی میں اس کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

سستے دور میں زائرین سے ان کی خوراک کی ضروریات بڑی حد تک پوری ہوجاتی تھیں، تاہم مہنگائی کے باعث اب زائرین کی جانب سے گوشت کی فراہمی میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ ان کے مطابق ایک مگرمچھ کی یومیہ خوراک بہت زیادہ ہے، تاہم موجودہ حالات میں تمام مگرمچھوں کی غذائی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں رہا،اس انتہائی گھمبیر صورتحال میں صوبائی حکومت کے اقدامات ندارد ہیں۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کو بارہا خوراک کے اس مسئلے کے حل کی اپیل اوردرخواستیں کی جاچکی ہیں مگر اب تک کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا کہ ان بے زبان جانوروں کے لیے مستقل خوراک کا کوئی انتظام کیا جاسکے، بہت زیادہ نہ سہی مگرحکومت سندھ  کی جانب سے فی مگرمچھ روزانہ صرف ایک کلو گوشت بھی فراہم کردیا جائے تو انتظامیہ اسے بڑی سہولت تصور کرے گی۔

انھوں نے بتایا کہ کراچی کے ایک مخیر فرد کی جانب سے ہرمہینے 4 گائیں عطیہ کی جاتی ہیں جس سے ان مگرمچھوں کی خوراک کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے،خلیفہ سجاد نے جھیل کی توسیع کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک ہزار رقبے پر مشتمل موجودہ جھیل میں 200 سے زائد مگرمچھوں کی موجودگی اور ان کی افزائش ایک پیچیدہ معاملہ ہے۔ مگرمچھوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر جھیل کی گنجائش میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے تاکہ ان جانداروں کو مناسب جگہ میسر آسکے۔

انھوں  نے بتایا کہ کراچی میں کم بارشوں کے باعث جھیل میں تازہ پانی شامل نہیں ہوسکا، جس کے نتیجے میں پانی کی صورتحال بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے، جھیل کے پانی میں قدرتی طور پر سلفر کی بھاری مقدار موجود ہے، بصورت دیگر پانی میں تعفن کے باعث جھیل کے قریب کھڑا ہونا بھی مشکل ہوجاتا،مزار کی انتظامیہ نے ایک اور اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جھیل کے گرد حفاظتی دیواریں اپنی بنیادوں سے انتہائی کمزور اور بوسیدہ ہوچکی ہیں، جن کی فوری مرمت یا ازسرنو تعمیر ضروری ہے،خلیفہ سجاد کے مطابق انہیں خدشہ ہے کہ دیواروں کے اچانک گرنے سے کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے، اس لیے متعلقہ حکومتی اداروں کو فوری توجہ دینی چاہیے۔

منگھوپیر کے مگرمچھوں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ گوشت خور ہونے کے باوجود یہ روایتی طور پر حلوہ بھی کھاتے ہیں، مزار پر آنے والے عقیدت مند مگرمچھوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہیں اور انہیں تازہ گلاب کے ہار بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ نوچندی اور شیدی میلے کے موقع پر ان مگرمچھوں کے ماتھے پر سیندور لگایا جاتا ہےجبکہ ان مواقع پر ان کی تواضع میٹھے اور لذیذ پکوانوں سے بھی کی جاتی ہے۔

منگھوپیر کے یہ مگرمچھ محض ایک جھیل میں رہنے والے آبی جاندار نہیں بلکہ کراچی کے قدیم مذہبی، ثقافتی اور روایتی ورثے کا اہم حصہ ہیں، تاہم ان کی طویل عرصے سے جاری موجودگی کے باوجود خوراک، رہائش اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے درپیش مسائل اس بات کے متقاضی ہیں کہ متعلقہ حکومتی ادارے اس تاریخی مقام اور اس کے منفرد قدرتی ورثے کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔

مزار کی انتظامیہ کے مطابق جھیل میں اس وقت 200 سے زائد مگرمچھ موجود ہیں،جن میں سب سے عمر رسیدہ مگرمچھ مور سواب کی عمر تقریباً 175 سال بتائی جاتی ہے، جبکہ دیگر مگرمچھوں کی عمریں 50 سے 70 سال کے درمیان ہیں۔

منگھوپیر کے یہ مگرمچھ محض ایک جھیل میں پلنے والے آبی جاندار نہیں بلکہ کراچی کے قدیم مذہبی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کی منفرد پہچان ہیں۔ تقریباً دو صدیوں پرانی روایات سے جڑے ان مگرمچھوں کی بقا اب مستقل خوراک، صاف پانی، محفوظ رہائش اور بہتر دیکھ بھال سے مشروط ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا متعلقہ حکومتی ادارے اس منفرد ورثے کے تحفظ کے لیے ان مگرمچھوں کے کسی بڑے حادثے یا مکمل غذائی بحران کا انتظار کریں گے؟۔