پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک ایسے مرحلے اور بہترین موقع سے گزر رہا ہے جہاں ملک کے قدرتی وسائل، بالخصوص زیر زمین چھپے معدنی ذخائر، قومی معیشت اور عالمی سرمایہ کاری کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
دہائیوں سے پاکستان کے معدنی خزانوں کا ذکر تو بارہا ہوتا رہا، لیکن ان قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری اور صنعتی منصوبہ بندی کے ذریعے استعمال میں لانے کی کوششیں ہمیشہ ہی محدود رہیں۔
اب وفاقی حکومت، مسلح افواج کے متعلقہ اداروں، صوبائی حکومتوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے اس شعبے کو قومی اقتصادی بحث کا اہم ترین موضوع بنا دیا ہے، جس کے چرچے دنیا بھر میں ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے پہاڑوں، صحراؤں اور مختلف علاقوں میں سونا، تانبا، کوئلہ، لوہا، کرومائٹ، لیتھیم، قیمتی پتھر، صنعتی معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل کے ذخائر موجود ہیں۔ ان میں سے کئی ذخائر کی نشاندہی دہائیوں پہلے ہو چکی تھی، مگر ان کی مکمل مقدار، معاشی افادیت اور تجارتی امکانات جاننے کے لیے جدید ارضیاتی سروے، تحقیق، سرمایہ کاری اور تکنیکی مہارت درکار تھی، جس کی وجہ سے اس میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ معاملہ محض معدنیات نکالنے تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تعلق پاکستان کی صنعتی ترقی، برآمدات، روزگار، توانائی کی ضروریات، جدید ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت، عالمی سپلائی چین، مستقبل میں معاشی خودمختاری اور سرمایہ کاری سے بھی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل اب صرف ملکی سرمایہ کاروں ہی نہیں بلکہ چین، امریکا، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی توجہ کا مرکز بھی بن رہے ہیں۔
اقتصادی ماہرین ماضی کی حکومتوں کے رویے کو دیکھتے ہوئے اب بھی وہی سوال دہرا رہے ہیں کہ کیا پاکستان اپنی زیر زمین دولت کو حقیقی معاشی طاقت میں تبدیل کر پائے گا؟ کیا اس شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری عام پاکستانی کی زندگی پر بھی مثبت اثر ڈالے گی، یا معدنی دولت کے باوجود ملک کو وہ معاشی فوائد حاصل نہیں ہو سکیں گے جن کی توقع کی جا رہی ہے؟
ان تمام سوالات کا جواب جاننے کے لیے اس پورے منظرنامے کو گہرائی سے سمجھنا ضروری ہے۔
پاکستان میں معدنی ذخائر
پاکستان میں معدنی دولت صرف کسی ایک صوبے یا علاقے تک محدود نہیں ہے، بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں مختلف نوعیت کے ذخائر موجود ہیں۔ بلوچستان سے لے کر خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک معدنی وسائل کی ایک وسیع دنیا موجود ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کی پاکستان سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں اینٹی منی، بارائٹ، باکسائٹ، کرومائٹ، تانبا، جپسم، فلورائٹ، لوہا، سیسہ، زنک، فاسفیٹ، قیمتی پتھر اور متعدد دیگر معدنیات پیدا کی جاتی ہیں۔ اس کے باوجود مالی سال 2024 میں کان کنی اور معدنیات نکالنے کے شعبے کا پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار میں حصہ صرف تقریباً 1.5 فیصد تھا۔
یہ اعدادوشمار اس شعبے کی موجودہ معاشی حیثیت اور اس میں موجود ترقی کے امکانات کے درمیان فرق واضح کرتے ہیں۔
پاکستان کے پاس موجود ان قدرتی خزانوں کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے انہیں مختلف علاقوں کے اعتبار سے دیکھنا ضروری ہے۔
بلوچستان: سونے، تانبے اور دیگر قیمتی معدنیات کا مرکز
بلوچستان کے معدنی ذخائر نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ سب سے زیادہ حاصل کی ہے۔ یہاں سونے، تانبے، کرومائٹ، لوہے، کوئلے، سنگ مرمر اور متعدد صنعتی معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔
اس صوبے کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک اور سیندک کے منصوبے پاکستان کی معدنی معیشت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
ریکوڈک کو دنیا کے بڑے مگر غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کی اہمیت صرف اس کے معدنی ذخائر ہی نہیں ہیں، بلکہ اس سے وابستہ کان کنی، پروسیسنگ، بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، ریلوے اور برآمدات کے منصوبے بھی پاکستان کی معیشت پر دور رس اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
اس وقت بلوچستان میں چاغی کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی معدنی وسائل کی تلاش جاری ہے۔ نومبر 2026 میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تقریباً 35 کروڑ ٹن تانبے کی موجودگی سے متعلق ابتدائی اعلان سامنے آیا ہے۔
خیبر پختونخوا: قیمتی پتھروں سے صنعتی معدنیات تک
خیبر پختونخوا بھی معدنی وسائل سے مالا مال اہم صوبہ ہے، جہاں سنگ مرمر، کرومائٹ، میگنیز، چونا پتھر، جپسم، کوئلہ اور مختلف اقسام کے قیمتی پتھر پائے جاتے ہیں۔
کے پی کے میں سوات کے زمرد کو عالمی سطح پر منفرد پہچان حاصل ہے۔ اس کے علاوہ بونیر، مردان، چترال، دیر، ملاکنڈ، مہمند اور دیگر علاقوں میں سنگ مرمر اور مختلف صنعتی معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔
یہاں معدنی شعبے کی ترقی کے لیے سب سے اہم ضرورت جدید کان کنی، محفوظ طریقہ کار، بہتر ٹرانسپورٹ اور خام معدنیات کی مقامی سطح پر پروسیسنگ ہے۔ اگر یہاں پتھروں اور معدنیات کو صرف خام حالت میں فروخت کرنے کے بجائے انہیں تیار مصنوعات میں تبدیل کیا جائے تو مقامی صنعت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
پنجاب: سونے، لوہے، نمک اور کوئلے کے ذخائر
پنجاب کو عموماً زرعی صوبے کے طور پر دیکھا جاتا ہے، لیکن یہاں بھی معدنی وسائل کے حوالے سے اہم امکانات موجود ہیں۔ چنیوٹ کے لوہے کے ذخائر، کھیوڑہ کا نمک، کالا باغ کے لوہے کے ذخائر، کوئلہ، جپسم، چونا پتھر، گرینائٹ اور دیگر صنعتی معدنیات اس کی اہم مثالیں ہیں۔
چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کی تخمینی مقدار تقریباً 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن بتائی گئی ہے۔ ان ذخائر کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ پاکستان کو فولاد کی صنعت کے لیے خام مال کی بڑی مقدار درکار ہوتی ہے۔ اگر مقامی لوہے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قابل استعمال بنایا جائے تو درآمدی خام مال پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس وقت پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذرات یعنی پلیسر گولڈ کی موجودگی بھی ایک اہم موضوع بن چکی ہے۔ نومبر 2026 میں صوبائی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ دریاؤں میں سونے کی موجودگی کے حوالے سے سروے جاری ہیں تاکہ اس کی مقدار اور معاشی افادیت کا تعین کیا جا سکے۔
سندھ: تھر کا کوئلہ اور 27 معدنیات کے امکانات
سندھ کے معدنی وسائل میں سب سے نمایاں نام تھر کے کوئلے کا ہے۔ تھر کول فیلڈ پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے۔ یہاں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں جنہیں بجلی کی پیداوار اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
تھر میں کوئلے کے علاوہ سندھ میں گرینائٹ، چونا پتھر، نمک، جپسم، سلیکا سینڈ اور دیگر معدنی وسائل بھی پائے جاتے ہیں۔
نومبر 2026 میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر بتایا کہ صوبے میں 27 معدنیات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سائنسی بنیادوں پر تلاش، نجی شعبے کی شمولیت اور معدنیات کی مقامی سطح پر قدر بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر: قیمتی پتھروں کے خزانے
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی پاکستان کے معدنی نقشے میں نمایاں نظر آتے ہیں۔ ان علاقوں میں یاقوت، ٹوپاز، ٹورمالین، ایکوامیرین، زمرد اور دیگر قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ گرینائٹ، چونا پتھر، کوئلہ اور باکسائٹ جیسے معدنی وسائل بھی موجود ہیں۔
ان علاقوں میں معدنیات کا شعبہ مقامی آبادی کے لیے آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے، لیکن اس کے لیے جدید جیولوجیکل سروے، قانونی کان کنی، معیار کی جانچ، قیمتی پتھروں کی کٹنگ اور پالش کے مراکز اور عالمی منڈی تک رسائی ضروری ہے۔
پاکستان کی دولت میں دنیا کی دلچسپی کیوں؟
پاکستان کے معدنی ذخائر میں عالمی دلچسپی کو سمجھنے کے لیے دنیا میں ہونے والی صنعتی اور معاشی تبدیلیوں کو دیکھنا ہوگا۔ گزشتہ چند برسوں میں الیکٹرک گاڑیوں، جدید بیٹریوں، سولر پینلز، ونڈ ٹربائنز، موبائل فونز، کمپیوٹرز، سیمی کنڈکٹرز اور دفاعی ٹیکنالوجی کی صنعت میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔
ان تمام شعبوں کو مختلف اقسام کی معدنیات درکار ہوتی ہیں۔ تانبا بجلی کی ترسیل، الیکٹرک گاڑیوں اور صنعتی مشینری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ لیتھیم اور دیگر معدنیات بیٹریوں میں استعمال ہوتی ہیں، جبکہ اینٹی منی، ٹنگسٹن، ٹینٹلم اور بعض نایاب زمینی عناصر جدید الیکٹرانکس اور دفاعی صنعت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دنیا کی بڑی معیشتیں اب معدنیات کو صرف تجارتی اشیا نہیں سمجھتیں بلکہ انہیں اپنی صنعتی سلامتی اور قومی مفادات کا حصہ تصور کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین، امریکا، یورپی ممالک، جاپان، جنوبی کوریا اور خلیجی ریاستیں معدنی وسائل تک طویل مدتی رسائی کے لیے مختلف ممالک میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کر رہی ہیں۔
پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بھی اس دلچسپی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، چین، مشرق وسطیٰ اور بحیرہ عرب کے درمیان واقع ہے۔ اس کے پاس کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر جیسے بہترین سمندری راستے اور پورٹس موجود ہیں، جبکہ معدنی وسائل سے مالا مال بلوچستان اور دیگر علاقوں کو بہتر سڑکوں، ریلوے اور بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں سے جوڑنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔
چین کی دلچسپی: معدنیات، صنعت اور سی پیک کا تعلق
چین پاکستان کا ایک اہم اقتصادی اور صنعتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تعاون اب توانائی، انفرااسٹرکچر، صنعتی پیداوار، مواصلات اور معدنی وسائل سمیت متعدد شعبوں تک پھیل چکا ہے۔
چین کی دلچسپی کی ایک بڑی وجہ اس کی اپنی صنعتی ضروریات ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی صنعتی معیشتوں میں شامل ہونے کی وجہ سے چین کو تانبے، لوہے، کرومائٹ اور دیگر صنعتی معدنیات کی مسلسل ضرورت رہتی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں، الیکٹرانکس اور جدید توانائی کے شعبوں میں اس کی بڑی صنعتی موجودگی بھی معدنی وسائل کی اہمیت بڑھاتی ہے۔
پاکستان میں چینی تعاون کی نمایاں مثال تھر کول منصوبہ ہے، جہاں چینی کمپنیوں اور پاکستانی اداروں کے اشتراک سے کوئلے کی کان کنی اور بجلی کی پیداوار کے منصوبے قائم کیے گئے۔ اسی طرح سیندک منصوبے میں بھی چینی کمپنیوں کا کردار موجود ہے، جہاں تانبے اور سونے کی کان کنی کی جاتی ہے۔
چین کے لیے پاکستان کی اہمیت صرف معدنی ذخائر ہی نہیں ہے، بلکہ سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے انفرااسٹرکچر، سڑکوں، توانائی کے منصوبوں اور گوادر بندرگاہ کے ذریعے پاکستان کو ایک ایسے صنعتی اور تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کا تصور موجود ہے جہاں معدنیات کی نقل و حمل اور پروسیسنگ کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
سعودی عرب: معدنیات میں سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ
سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے ہر سطح کے برادرانہ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ عوام سے حکومتوں تک ہمیشہ ہی دونوں ممالک کے درمیان انتہائی جذباتی اور معاشی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
اسی طرح سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم اور غیر معمولی اقتصادی شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات روایتی سفارتی اور تجارتی تعاون سے آگے بڑھ کر سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری کی طرف مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ خود سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت معیشت کو تیل پر انحصار سے نکالنے، کان کنی اور معدنیات کی صنعت کو وسعت دینے اور عالمی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی معدنی شعبے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان کے لیے ایک اہم موقع بن سکتی ہے۔ سعودی حکومت اور نجی سرمایہ کاروں کے پاس مالی وسائل کے ساتھ ساتھ کان کنی، معدنیات کی پروسیسنگ اور صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کا تجربہ بھی موجود ہے۔
نومبر 2026 میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب گزشتہ 2 برس سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ معدنیات کے شعبے میں مشترکہ مطالعات بھی جاری ہیں تاکہ تعاون کا باقاعدہ فریم ورک طے کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی نجی شعبے کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور اس نے کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز کا بھی جائزہ لیا ہے۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سے معدنیات کی پروسیسنگ اور ریفائننگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
یہ پیش رفت اس لیے بھی اہم ہے کہ معدنیات کی کان کنی کے ساتھ ان کی صفائی، ریفائننگ، دھاتوں کی تیاری اور صنعتی مصنوعات بنانے کے لیے بھی بڑی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ سعودی سرمایہ کار اگر پاکستان میں ان شعبوں میں دلچسپی لیتے ہیں تو اس سے ملک میں معدنیات کی مقامی ویلیو ایڈیشن کی بنیاد مضبوط ہو سکتی ہے۔
امریکی دلچسپی: اہم معدنیات اور عالمی صنعتی مقابلہ
پاکستان کے معدنی شعبے میں امریکی دلچسپی کو عالمی سطح پر اہم معدنیات کی رسد کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ امریکا کے لیے تانبے، اینٹی منی، لیتھیم اور دیگر اہم معدنیات کی مستحکم فراہمی صنعتی اور قومی سلامتی کا معاملہ بن چکی ہے۔
چین کی عالمی معدنی سپلائی چین میں مضبوط پوزیشن اور بعض اہم معدنیات کی پروسیسنگ میں اس کے نمایاں کردار کے باعث امریکا متبادل ذرائع اور نئے شراکت دار تلاش کر رہا ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد صرف خام مال حاصل کرنا نہیں بلکہ معدنیات کی کان کنی، پروسیسنگ اور صنعتی سپلائی چین کو متنوع بنانا بھی ہے۔
ستمبر 2025 میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پاکستانی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی تھی۔ اس پیش رفت نے پاکستان کے معدنی وسائل کو پاک امریکا اقتصادی تعلقات کے ایک نئے ممکنہ شعبے کے طور پر سامنے لانے میں کردار ادا کیا ہے۔
امریکا کے لیے پاکستان کی اہمیت اس کے معدنی ذخائر کے علاوہ جغرافیائی محل وقوع اور علاقائی رابطوں میں بھی ہے۔ بلوچستان کے معدنی علاقے، گوادر کی بندرگاہ اور پاکستان کا صنعتی ڈھانچہ مستقبل میں مختلف نوعیت کے تجارتی منصوبوں کے لیے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
اس وقت پاکستان کے لیے بہتر حکمت عملی یہی ہو سکتی ہے کہ وہ امریکا سمیت تمام عالمی شراکت داروں کے ساتھ شفاف اور تجارتی بنیادوں پر تعاون کرے، تاکہ کسی ایک ملک پر انحصار کیے بغیر اپنی معدنی صنعت کو ترقی دی جا سکے۔
ریکوڈک: پاکستانی معدنی معیشت کا سب سے بڑا امتحان
پاکستان کے معدنی شعبے میں اگر کسی ایک منصوبے کو مستقبل کی سرمایہ کاری کا اہم ترین امتحان قرار دیا جائے تو وہ ریکوڈک ہے۔ یہ منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہے اور اسے دنیا کے بڑے مگر غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس منصوبے میں کینیڈین کمپنی بیرک مائننگ کارپوریشن کے پاس 50 فیصد حصص ہیں، جبکہ پاکستان کی 3 وفاقی سرکاری کمپنیوں کے پاس مجموعی طور پر 25 فیصد اور حکومت بلوچستان کے پاس 25 فیصد حصص ہیں۔ اس طرح وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور بین الاقوامی سرمایہ کار ایک ہی منصوبے میں شریک ہیں۔
ریکوڈک کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ صرف ایک کان نہیں بلکہ ایک مکمل صنعتی منصوبہ ہے۔ اس میں معدنیات کی تلاش، کھدائی، پروسیسنگ، بجلی کی فراہمی، پانی کے انتظام، ٹرانسپورٹ اور برآمدات کے لیے وسیع انفرااسٹرکچر درکار ہے۔
اس منصوبے کی کامیابی سے بلوچستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، مقامی کاروبار کو ترقی مل سکتی ہے اور پاکستان کو تانبے اور سونے کی برآمدات سے غیر ملکی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ انجینئرنگ، تعمیرات، ٹرانسپورٹ، مشینری، سیکیورٹی اور دیگر متعلقہ صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
نومبر 2026 میں وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک مائننگ کے چیئرمین جان تھورنٹن کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں ریکوڈک کے علاوہ کراچی اور گوادر میں معدنیات کی پروسیسنگ سے متعلق ممکنہ سرمایہ کاری پر دلچسپی ظاہر کی گئی۔
یہ پیش رفت اس لیے زیادہ اہم ہے کہ اگر معدنیات کی پروسیسنگ کے مراکز بندرگاہوں کے قریب قائم ہوتے ہیں تو پاکستان مستقبل میں صرف خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے تیار اور نیم تیار مصنوعات کی تجارت بھی کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریکوڈک کی کامیابی پاکستان کے لیے ایک مثال بن سکتی ہے کہ کس طرح بین الاقوامی سرمایہ کاری، ملکی وسائل، صوبائی شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے ایک بڑا صنعتی منصوبہ چلایا جا سکتا ہے۔
معدنی شعبے کا فروغ اور فوج کا کردار
پاکستان میں معدنیات کے شعبے کی سرگرمیوں میں فوج اور اس سے منسلک بعض اداروں کی موجودگی بھی ایک اہم پہلو ہے۔ اس حوالے سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا ذکر خاص طور پر ضروری ہے۔
پاکستان میں معدنی ذخائر کی تلاش اور ان سے متعلق بڑے منصوبوں کے لیے سیکیورٹی، سڑکوں، مواصلاتی رابطوں، تعمیراتی سہولتوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ بلوچستان اور بعض دوسرے معدنی علاقوں میں امن و امان کی صورت حال سرمایہ کاری کے لیے ایک بڑا چیلنج رہی ہے اور ایسے میں فوج اور متعلقہ اداروں کا کردار بنیادی طور پر سیکیورٹی، منصوبہ جاتی معاونت اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے سامنے آ رہا ہے۔
ایف ڈبلیو او بھی معدنی وسائل کی تلاش اور متعلقہ منصوبوں میں سرگرم ہے۔ نومبر 2026 میں ایف ڈبلیو او نے چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تقریباً 35 کروڑ ٹن تانبے کی موجودگی سے متعلق ابتدائی تخمینہ پیش کیا۔ اس اعلان نے پاکستان کے معدنی شعبے میں نئی دلچسپی پیدا کی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ان کی مقامی پروسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی طرف جانا ہوگا۔
انہوں نے معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاروں، کارکنوں اور منصوبوں سے وابستہ افراد کی سیکیورٹی کو اہم قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنی ذخائر والے علاقوں کی مقامی آبادی کو ان منصوبوں سے براہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔
یہاں ایک بنیادی نکتہ قابل توجہ ہے کہ معدنیات کا شعبہ طویل المدتی منصوبہ بندی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور کئی دہائیوں تک جاری رہنے والے صنعتی عمل سے تعلق رکھتا ہے۔ اس لیے اس کی کامیابی کے لیے فوجی اور سیکیورٹی معاونت کے ساتھ ساتھ مضبوط سول ادارے، واضح قوانین، شفاف لائسنسنگ اور صوبائی خودمختاری کا احترام بھی ضروری ہے۔
ان تمام منصوبوں کے لیے سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا انتہائی اہم ہے، لیکن سرمایہ کاری کا اصل اعتماد اس وقت پیدا ہوگا جب قانونی تحفظ، معاہدوں کی پاسداری، پالیسیوں کا تسلسل اور کاروباری شفافیت بھی یقینی بنائی جائے۔
وفاقی حکومت اور ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی
وفاقی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل یعنی ایس آئی ایف سی قائم کی تھی، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری اداروں کے درمیان طویل کارروائیوں اور پیچیدہ مراحل سے نکال کر ایک مربوط نظام فراہم کرنا ہے۔
معدنیات کا شعبہ اس کونسل کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں کان کنی کے منصوبوں کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، مختلف محکموں، ریگولیٹری اداروں، توانائی کے شعبے اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ ضروری ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر کسی غیر ملکی کمپنی کو بلوچستان میں تانبے کی کان کنی کا منصوبہ شروع کرنا ہو تو اسے معدنی ذخائر کی معلومات، زمین اور لائسنس، ماحولیاتی منظوری، پانی اور بجلی، سڑکوں، ریلوے، برآمدات اور سیکیورٹی سمیت متعدد معاملات حل کرنا ہوتے ہیں۔
اگر ان تمام مراحل کے لیے سرمایہ کار کو مختلف اداروں کے چکر لگانے پڑیں تو منصوبے میں تاخیر اور اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔ ایس آئی ایف سی کا بنیادی مقصد اسی نوعیت کی رکاوٹوں کو کم کرنا اور سرمایہ کاری کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر رابطہ بہتر بنانا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ صوبائی حکومتوں کے قانونی اختیارات ختم ہو جاتے ہیں، بلکہ معدنیات کی کان کنی، لائسنسنگ اور متعلقہ معاملات میں صوبائی قوانین اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری برقرار رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے اصل کامیابی اسی وقت ہوگی جب ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے ساتھ وفاق اور صوبوں کے درمیان ایسا مستقل نظام قائم کر سکے جس میں پالیسیوں کا تسلسل اور معاہدوں کی شفافیت یقینی ہو۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں بھرپور عالمی شرکت
پاکستان میں معدنیات کے شعبے کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے کھولنے کی تازہ ترین کوشش پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی صورت میں سامنے آئی، جس کا انعقاد 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں کیا گیا۔ اس فورم میں 60 سے زیادہ ممالک کے نمائندوں، عالمی مالیاتی اداروں، معدنیات کی بڑی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
فورم کے پہلے روز 122 نمائش کنندگان اور 5 ہزار سے زیادہ شرکا موجود تھے، جبکہ اختتامی روز مجموعی شرکت 10 ہزار سے زیادہ بتائی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چاروں صوبوں کے نمائندوں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی ترجیحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی۔
فورم میں بیرک مائننگ، ایوانہو مائنز، من میٹلز اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جہاں کان کنی کے جدید طریقوں، مصنوعی ذہانت کے ذریعے معدنی ذخائر کی تلاش، سرمایہ کاری، صنعتی پروسیسنگ، انفرااسٹرکچر اور ماحولیاتی تحفظ جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
اس فورم کا نتیجہ 13 مفاہمتی یادداشتوں، مشترکہ منصوبوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کی صورت میں سامنے آیا۔ ان میں ترکی، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، جاپان اور آسٹریلیا سے متعلق اداروں کے ساتھ تعاون بھی شامل تھا۔ ان معاہدوں میں بلوچستان میں سونے، تانبے، قیمتی پتھروں اور اہم معدنیات کی تلاش اور ترقی کے منصوبے شامل تھے۔
نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے پورٹل
پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قابل اعتماد معلومات کی کمی رہی ہے۔ کسی بھی عالمی کمپنی کے لیے یہ جاننا ضروری ہوتا ہے کہ جس علاقے میں وہ سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے وہاں کس قسم کی معدنیات موجود ہیں، ان کی مقدار کتنی ہے، ان کی گہرائی کیا ہے اور انہیں نکالنے پر کتنا خرچ آئے گا۔
اگر کسی ملک کے پاس جدید ارضیاتی نقشے، ڈرلنگ ریکارڈ، معدنی نمونوں کے تجزیے اور ذخائر سے متعلق مستند ڈیٹا موجود نہ ہو تو سرمایہ کار کے لیے منصوبے کا درست مالیاتی تخمینہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے اختتام پر نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کا جیوپورٹل متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا افتتاح کیا۔ ان کا مقصد ملک کے ارضیاتی ڈیٹا تک رسائی بہتر بنانا، معدنی ذخائر کی تلاش میں مدد دینا اور سرمایہ کاروں کو زیادہ مستند معلومات فراہم کرنا ہے۔
معدنیات کی تلاش میں عالمی دلچسپی
چین، امریکا اور سعودی عرب کے علاوہ بھی کئی ممالک اور بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کے معدنی شعبے میں مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ ان میں ترکی، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا، جاپان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ادارے شامل ہیں۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم میں سامنے آنے والے معاہدوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان اب معدنیات کے شعبے میں مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے، جہاں ترکی کی کمپنیوں کے ساتھ بلوچستان میں تانبے اور سونے کی تلاش کے لیے تعاون کی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ اور جرمنی کے متعلقہ اداروں کے ساتھ جیولوجیکل سروے اور معدنی تحقیق کے شعبوں میں تعاون بھی زیر بحث آیا۔
اسی طرح کینیڈا کی اہمیت صرف بیرک مائننگ کی وجہ سے نہیں بلکہ وہاں کان کنی اور معدنیات کی جدید ٹیکنالوجی کا ایک وسیع صنعتی تجربہ بھی موجود ہے۔ جاپان اور آسٹریلیا جیسے ممالک بھی معدنی وسائل کی تلاش، تکنیکی مہارت اور صنعتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کے لیے اہم شراکت دار بن سکتے ہیں۔
صوبائی سرگرمیاں اور معدنی وسائل کی نئی دوڑ
پاکستان کے معدنی وسائل کا بڑا حصہ صوبوں میں واقع ہے۔ اس لیے معدنی شعبے کی ترقی صرف وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے ممکن نہیں۔ صوبائی حکومتوں کو بھی اپنے وسائل کی نشاندہی، لائسنسنگ، سرمایہ کاری، قانونی اصلاحات اور مقامی صنعت کے فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نمائندوں نے اپنے اپنے صوبوں کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے امکانات پیش کیے۔
پنجاب حکومت نے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مالی مراعات، بلا سود قرضوں اور ون ونڈو سہولتوں کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق صوبے کے محکمہ معدنیات کی آمدنی گزشتہ 2 برس سے کچھ زیادہ عرصے میں تقریباً 10 ارب روپے سے بڑھ کر 40 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
صوبائی حکومت نے چنیوٹ کے لوہے، دریاؤں میں سونے کے ذرات، نمک، گرینائٹ اور دیگر معدنیات میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کے لیے 5 ارب روپے تک کی مالی معاونت کی اسکیم بھی پیش کی گئی، جس میں حکومت کی جانب سے سود برداشت کرنے کی تجویز شامل ہے۔
سندھ حکومت نے صوبے میں 27 معدنیات کی نشاندہی اور ان کی سائنسی بنیادوں پر تلاش کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تھر کول کے علاوہ دیگر معدنی وسائل میں نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ حکومت کی جانب سے معدنی لائسنسوں کی نیلامی، ون ونڈو سہولت اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔
بلوچستان حکومت نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنیات اور توانائی کے منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی اور صوبے کے معدنی و توانائی کے وسائل کو ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے بھی معدنی وسائل میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ صوبے میں قیمتی پتھروں، کرومائٹ، سنگ مرمر اور دیگر صنعتی معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔ فورم میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی اور ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت نے بھی اپنے علاقوں کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے امکانات عالمی مندوبین کے سامنے رکھے۔
معیشت پر معدنی شعبے کے اثرات
پاکستان اس وقت درآمدات، برآمدات، غیر ملکی قرضوں، زرمبادلہ کے ذخائر اور صنعتی پیداوار جیسے کئی معاشی مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے میں معدنی شعبے کی ترقی ملک کے لیے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کر سکتی ہے۔ اس شعبے کی ترقی کے ممکنہ معاشی فوائد کو چند اہم پہلوؤں سے سمجھا جا سکتا ہے۔
1۔ برآمدات میں اضافہ
پاکستان اگر تانبے، سونے، لوہے اور دیگر معدنیات کی جدید پروسیسنگ شروع کر دے تو عالمی منڈیوں میں زیادہ قدر رکھنے والی مصنوعات فروخت کر سکتا ہے۔
اس سے برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کی آمدنی بہتر ہونے کے امکانات پیدا ہوں گے۔
2۔ درآمدی انحصار میں کمی
پاکستان اپنی صنعتی ضروریات کے لیے بڑی مقدار میں خام مال اور دھاتیں درآمد کرتا ہے۔
اگر مقامی لوہے، تانبے اور دیگر معدنیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے استعمال کے قابل بنایا جائے تو بعض درآمدات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
3۔ نئی صنعتوں کا قیام
معدنیات کی کان کنی کے ساتھ اسٹیل، دھات سازی، کیمیکل، مشینری، بیٹریوں اور دیگر صنعتی مصنوعات کی تیاری کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس طرح معدنیات کا شعبہ کئی دوسری صنعتوں کی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
4۔ روزگار کے مواقع
کان کنی کے منصوبوں میں انجینئرز، جیولوجسٹس، ٹیکنیشنز، مشین آپریٹرز، ٹرانسپورٹ ورکرز، تعمیراتی عملے اور دیگر ہنرمند افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہٰذا بڑے منصوبوں کے ساتھ مقامی کاروبار اور خدمات کے شعبوں میں بھی روزگار بڑھ سکتا ہے۔
5۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ
بڑے معدنی منصوبوں میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گنجائش ہوتی ہے۔
اس سے نہ صرف براہ راست سرمایہ کاری بلکہ بینکنگ، انشورنس، تعمیرات، ٹرانسپورٹ اور صنعتی خدمات کے شعبوں میں بھی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔
6۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی
بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر دور دراز علاقوں میں معدنی منصوبوں کے ذریعے سڑکیں، بجلی، پانی، اسپتال، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
غور طلب بات بہرحال یہی ہے کہ یہ تمام فوائد خود بخود حاصل نہیں ہوں گے، بلکہ ان کا انحصار منصوبوں کی شرائط، مقامی آبادی کی شمولیت، ٹیکس نظام، شفافیت اور حکومت کی طویل مدتی پالیسیوں پر ہوگا۔
خام مال برآمد کیا جائے یا تیار مصنوعات؟
پاکستان کے معدنی شعبے میں حکومتوں کا سب سے اہم فیصلہ یہ ہوگا کہ اپنے وسائل کو کس انداز میں استعمال کیا جائے۔ دنیا میں کئی ایسے ممالک موجود ہیں جنہوں نے معدنی ذخائر کی بنیاد پر اپنی معیشت کو مضبوط بنایا ہے۔ ان ممالک نے صرف زمین سے معدنیات نکال کر بیرون ملک فروخت نہیں کیں بلکہ مقامی سطح پر ان کی پروسیسنگ، ریفائننگ اور صنعتی مصنوعات کی تیاری کے مراکز بھی قائم کیے ہیں۔
اگر پاکستان بھی صرف خام تانبا، سونا، لوہا اور دیگر معدنیات فروخت کرتا رہا تو اسے ان وسائل کے مکمل معاشی فوائد حاصل نہیں ہو سکیں گے۔ مثال کے طور پر خام تانبے کو نکالنے کے بعد اسے مختلف صنعتی مراحل سے گزار کر ریفائنڈ کاپر، کاپر کیتھوڈز اور دیگر مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ان مصنوعات کی استعمال کی صنعتیں بجلی، الیکٹرانکس، تعمیرات، گاڑیوں اور مشینری تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اسی طرح لوہے کو مقامی طور پر قابل استعمال اسٹیل میں تبدیل کرنے سے تعمیراتی صنعت، گاڑیوں کی تیاری، مشینری اور دیگر شعبوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
پاکستان میں معدنیات کی پروسیسنگ اور ریفائننگ کے مراکز قائم کرنے کے لیے بجلی، پانی، جدید مشینری، تربیت یافتہ افرادی قوت اور بڑے صنعتی سرمایے کی ضرورت ہوگی۔ یہی وہ شعبے ہیں جہاں چین، سعودی عرب، امریکا اور دیگر صنعتی ممالک کے ساتھ شراکت داری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منرلز انویسٹمنٹ فورم میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کو خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر مقامی پروسیسنگ اور ریفائننگ کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی اسی مؤقف کی حمایت کی۔
معدنی شعبے کو درپیش بڑے چیلنجز
پاکستان کے معدنی وسائل جتنے اہم ہیں، انہیں استعمال میں لانے کا عمل بھی اتنا ہی پیچیدہ ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اپنی جگہ، لیکن پاکستان کو اس شعبے میں کئی بنیادی مسائل حل کرنا ہوں گے۔
1۔ امن و امان اور سیکیورٹی
بلوچستان میں معدنی ذخائر کی موجودگی کے باوجود سیکیورٹی کی صورت حال بڑے منصوبوں کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔
کان کنی کے منصوبوں میں ہزاروں افراد، بھاری مشینری اور طویل فاصلے پر پھیلا ہوا انفرااسٹرکچر شامل ہوتا ہے۔ کسی بھی سیکیورٹی مسئلے سے منصوبوں کے اخراجات اور تکمیل کے وقت پر اثر پڑ سکتا ہے۔
اس لیے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے ساتھ مقامی آبادی کا اعتماد حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ صرف سیکیورٹی انتظامات کافی نہیں ہوں گے، بلکہ علاقے کے لوگوں کو ترقیاتی منصوبوں میں شریک کرنا ہوگا۔
2۔ وفاق اور صوبوں کے اختیارات
پاکستان میں معدنیات کے شعبے کے لیے وفاقی اور صوبائی قوانین اور ادارے موجود ہیں۔ اس تقسیم کے باعث بعض اوقات سرمایہ کاری کے منصوبوں میں منظوری، لائسنس اور انتظامی معاملات پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
لہٰذا اس بات کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ایسا نظام بنایا جائے جس میں سرمایہ کاروں کو واضح معلومات ملیں اور صوبوں کے قانونی اختیارات کا بھی احترام کیا جائے۔
3۔ جدید ٹیکنالوجی کی کمی
پاکستان کے پاس معدنیات کی کان کنی کا تجربہ موجود ہے، لیکن دنیا کی جدید ترین کان کنی، زیر زمین سروے، خودکار مشینری، معدنیات کی علیحدگی اور ریفائننگ ٹیکنالوجی تک رسائی ابھی مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اس مقصد کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستانی انجینئرز اور کارکنوں کو تربیت دینا ضروری ہوگا۔
4۔ پانی اور بجلی کی دستیابی
معدنیات کی بڑے پیمانے پر کان کنی اور پروسیسنگ کے لیے بجلی اور پانی کی بڑی مقدار درکار ہو سکتی ہے۔ بلوچستان جیسے خشک علاقوں میں پانی کا انتظام ایک خاص طور پر اہم مسئلہ ہے۔
اگر معدنی منصوبوں کے لیے پانی کی فراہمی کا نظام مقامی آبادی کی ضروریات کو متاثر کرے تو اس سے معاشرتی تنازعات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے پانی کے استعمال، ری سائیکلنگ اور متبادل ذرائع کی منصوبہ بندی ابتدا ہی سے ضروری ہے۔
5۔ ماحولیاتی تحفظ
کان کنی کے دوران زمین کی ساخت، زیر زمین پانی، فضائی آلودگی اور قدرتی ماحول متاثر ہو سکتے ہیں۔ اگر منصوبے ماحولیاتی اصولوں کے مطابق نہ چلائے جائیں تو اس کے اثرات کئی دہائیوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
اس کے لیے پاکستان کو عالمی معیار کے مطابق ماحولیاتی جائزے، فضلے کی محفوظ تلفی، پانی کی نگرانی اور کان کنی کے بعد زمین کی بحالی کے اصول نافذ کرنا ہوں گے۔
6۔ مقامی آبادی کا اعتماد
معدنی ذخائر جس علاقے میں موجود ہوں، وہاں کے لوگوں کو سب سے پہلے ان منصوبوں کے فوائد محسوس ہونے چاہییں۔ مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں، تکنیکی تربیت، کاروباری مواقع اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔
اگر کسی علاقے سے معدنیات تو نکالی جائیں لیکن وہاں کے لوگوں کو صاف پانی، تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں نہ ملیں تو ان منصوبوں کے بارے میں تحفظات پیدا ہونا فطری بات ہے۔
7۔ سرمایہ کاری اور مالیاتی خطرات
ایک بڑے معدنی منصوبے کی تیاری میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ اس دوران عالمی منڈی میں معدنیات کی قیمتیں تبدیل ہو سکتی ہیں، تعمیراتی اخراجات بڑھ سکتے ہیں اور مالیاتی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اسی لیے صرف سرمایہ کاری کے اعلانات کو معاشی کامیابی نہیں سمجھنا چاہیے، بلکہ منصوبے کی فزیبلٹی، مالیاتی بندوبست اور عملی پیداوار تک پہنچنے کا سفر زیادہ اہم ہے۔
معدنی دولت سے فائدہ کیسے اٹھایا جائے؟
پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ معدنیات کے شعبے کو صرف غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا ذریعہ نہ سمجھے بلکہ اسے ایک مستقل صنعتی پالیسی کا حصہ بنائے۔
سب سے پہلے ملک کے تمام معدنی ذخائر کا مستند اور جدید ریکارڈ تیار کیا جائے۔ جن علاقوں میں ابھی تک مکمل سروے نہیں ہوئے وہاں جدید جیولوجیکل سروے، ڈرلنگ اور لیبارٹری ٹیسٹ کیے جائیں۔
دوسرا یہ کہ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں مقامی صنعت کی ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو لازمی اہمیت دی جائے۔ اگر کوئی کمپنی پاکستان میں کان کنی کرتی ہے تو اس کے ساتھ مقامی انجینئرز اور کارکنوں کی تربیت کا نظام بھی ہونا چاہیے۔
تیسری بات یہ کہ خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی پروسیسنگ اور ریفائننگ کے لیے خصوصی صنعتی زونز قائم کیے جائیں۔ کراچی، گوادر اور دیگر صنعتی مراکز اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چوتھی بات کہ معدنی ذخائر سے حاصل ہونے والی آمدنی میں صوبوں اور مقامی آبادی کا مناسب حصہ یقینی بنایا جائے۔ اس سے نہ صرف مقامی ترقی ممکن ہوگی بلکہ بڑے منصوبوں کے لیے عوامی اعتماد بھی حاصل کیا جا سکے گا۔
پانچویں بات کان کنی کے تمام معاہدوں، لائسنسوں، رائلٹی، ٹیکس اور آمدنی کی تفصیلات کو مناسب حد تک عوام کے سامنے رکھا جائے۔ اس شفافیت سے نہ صرف بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
چھٹا اہم پوائنٹ یہ ہے کہ پاکستان کو چین، امریکا، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے چاہییں۔
معدنی وسائل کسی ایک ملک یا کمپنی کے لیے مخصوص کرنے کے بجائے شفاف اور مسابقتی بنیادوں پر بہترین تجارتی شرائط حاصل کرنا زیادہ مفید ہوگا۔
معدنیات معاشی تقدیر بدل سکتی ہیں
پاکستان کے معدنی ذخائر ملک کے لیے ایک غیر معمولی معاشی موقع ضرور ہیں، لیکن انہیں قومی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے صرف قدرتی وسائل کا موجود ہونا کافی نہیں۔
دنیا میں کئی ایسے ممالک ہیں جن کے پاس تیل، گیس، سونا، تانبا اور دیگر معدنیات کی بڑی مقدار موجود ہے، لیکن وہ ان وسائل کو جدید صنعتی ترقی میں تبدیل نہیں کر سکے۔ دوسری طرف بعض ممالک نے محدود قدرتی وسائل کے باوجود بہتر منصوبہ بندی، ٹیکنالوجی اور صنعتی پالیسی کے ذریعے اپنی معیشت کو مضبوط بنایا۔
پاکستان کے لیے بھی اصل امتحان یہی ہے۔ اگر ملک اپنے معدنی ذخائر کی درست نشاندہی کر لے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو شفاف شرائط کے ساتھ حاصل کرے، جدید ٹیکنالوجی منتقل کرے اور مقامی صنعت کو ترقی دے تو یہ شعبہ مستقبل میں معیشت کا اہم ستون بن سکتا ہے۔
اس وقت پاکستان کے سامنے ایک طرف ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے موجود ہیں، دوسری طرف چاغی، چنیوٹ، تھر، سوات، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں معدنی وسائل کی تلاش اور ترقی کے امکانات ہیں۔ اور سب سے اہم یہ کہ وفاقی حکومت، فوج سے منسلک ادارے، صوبائی حکومتیں اور عالمی سرمایہ کار اس شعبے میں سرگرم ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں 13 معاہدوں پر دستخط، 60 سے زیادہ ممالک کی شرکت، نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر اور جیولوجیکل سروے پورٹل کا آغاز، یہ سب اس بات کی نشاندہی کررہے ہیں کہ معدنیات کا شعبہ اب قومی اقتصادی پالیسی میں زیادہ نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
لیکن ان تمام سرگرمیوں کا اصل نتیجہ تب ہی سامنے آئے گا جب قدرتی خزانوں کے یہ راستے عملی طور پر فعال ہوں گے، سرمایہ کاری زمین پر نظر آئے گی، معدنیات کی مقامی پروسیسنگ ہوگی، برآمدات بڑھیں گی اور معدنی علاقوں کے عام لوگوں کو ترقی کے ثمرات ملیں گے۔
پاکستان کے پہاڑوں، صحراؤں اور زمین کے نیچے موجود قدرتی وسائل ملک کے مستقبل کے لیے بہت بڑی امید ہیں۔ اب فیصلہ اس بات پر ہونا ہے کہ پاکستان ان وسائل کو صرف فروخت کرنے تک محدود رہتا ہے یا انہیں جدید صنعت، روزگار، برآمدات اور معاشی خودمختاری کی بنیاد بنائے گا۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔