کراچی میں ہاکی کا بڑا ایونٹ سجنے کو تیار، نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کی تاریخ سامنے آگئی

اس میگا ایونٹ میں ملک بھر کی صوبائی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مختلف ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی


ذوالفقار بیگ November 15, 2026

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جنوری 2027 میں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کراچی کے تاریخی عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر کی صوبائی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مختلف ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ 

چیمپئن شپ کی شاندار میزبانی کے پیش نظر عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور شائقینِ ہاکی کو عالمی معیار کی جدید سہولیات میسر آ سکیں۔

 اس سلسلے میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے گزشتہ ماہ اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کو جلد شروع کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ مرمت و اپ گریڈیشن کا عمل مقررہ وقت میں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق روشنیوں کے شہر کراچی میں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد اور تاریخی اسٹیڈیم کی بحالی سے نہ صرف مقامی سطح پر ہاکی سرگرمیوں کو نئی تقویت ملے گی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔