پشاور:
جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ، معدنی ذخائر سے متعلق، انسداد تجاوزات آپریشن اور مولانا فضل الرحمٰن و اہلِ خانہ کی کردارکشی کے خلاف پُرامن احتجاج کیا گیا۔
اسی سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام ضلع پشاور کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس کی صدارت ضلعی امیر مولانا مفتی سید مسکین شاہ نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں سینیٹر حضرت مولانا عطا الحق درویش، سابق میئر پشاور حاجی زبیر علی، جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام ضلع پشاور مولانا احمد علی درویش، صوبائی ترجمان حاجی عبدالجلیل جان اور دیگر نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے صوبے کے آئینی، جمہوری اور انتظامی اختیارات کے تحفظ پر زور دیا۔ مظاہرین نے صوبے کے معدنی ذخائر پر ناجائز قبضے اور قدرتی وسائل کو عوامی مفاد کے برعکس استعمال کرنے کی کوششوں کو بھی ناقابلِ قبول قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل صوبے کے عوام کی امانت ہیں اور ان سے متعلق فیصلوں میں مقامی آبادی کے حقوق اور مفادات کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
مظاہرین نے تجاوزات کے نام پر جاری کارروائیوں کے نتیجے میں غریب خاندانوں، تاجروں اور محنت کشوں کے کاروبار اور روزگار کو پہنچنے والے نقصان پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متبادل انتظامات کے بغیر کارروائیوں سے متعدد خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں، اس لیے عوام کے جائز کاروبار اور روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
احتجاج کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی نعرے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی گئی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، جبکہ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق اقدامات اس جماعت کے روایتی عوامی نعرے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
احتجاجی مظاہرے میں مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف کردارکشی کی مہم، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کردہ مبینہ جعلی ویڈیوز اور گمراہ کن مواد کی تیاری و تشہیر کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
مظاہرین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو سیاسی قیادت کی ساکھ متاثر کرنے، جھوٹا تاثر قائم کرنے اور منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے ایسے مواد کی تیاری اور تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے گورنر راج، ایمرجنسی، معدنی وسائل پر قبضے، تجاوزات کے نام پر عوام کے معاشی حقوق متاثر کرنے اور مولانا فضل الرحمٰن و ان کے اہلِ خانہ کی کردارکشی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز کی تشہیر کے خلاف اپنے تحفظات اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔۔