چین نے ہوابازی کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی، پہلے الیکٹرک طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز

طیارے میں پروں پر نصب 10 الیکٹرک ڈکٹڈ پنکھے استعمال کیے گئے ہیں


ویب ڈیسک November 16, 2026

چین نے ہوا بازی کی دنیا میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ برقی مسافر طیارہ کامیابی سے پہلی بار پائلٹ کے ساتھ اڑا لیا۔

چینی سرکاری فضائی کمپنی کامیک کے تیار کردہ سی ای 25 اے نے 14 نومبر کو صوبہ شان ڈونگ کے شہر بن ژو سے پہلی آزمائشی پرواز کی، جس میں دو پائلٹ اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔

طیارے نے 16 منٹ 38 سیکنڈ تک پرواز کی اور اس دوران 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ آزمائشی پرواز سمیت زمین پر ہونے والی کارروائیوں کا مجموعی دورانیہ 57 منٹ 46 سیکنڈ رہا۔

سی ای 25 اے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 10 میٹرک ٹن ہے اور یہ عملے کے علاوہ 19 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

طیارے میں پروں پر نصب 10 الیکٹرک ڈکٹڈ پنکھے استعمال کیے گئے ہیں جبکہ اس کی متوقع پروازی حد 400 کلومیٹر اور رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق طیارے نے پہلی بار پائلٹ کے ساتھ پرواز سے قبل 2 فروری 2026 سے اب تک 19 بغیر پائلٹ آزمائشی پروازیں بھی مکمل کی تھیں۔

اس منصوبے میں چین کی معروف بیٹری ساز کمپنی سی اے ٹی ایل اور شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی بھی شریک ہیں۔ تاہم کامیک نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ طیارے میں کون سی بیٹری استعمال کی گئی ہے۔

چین نے 2023 میں اس طیارے کا تصور متعارف کرایا تھا، جبکہ اس کا مکمل حجم کا ماڈل پہلی بار اکتوبر 2026 میں منظرعام پر آیا۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی نے طیارے کے سرٹیفکیشن کے لیے چینی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بھی رجوع کر لیا ہے۔

یہ پیش رفت برقی ہوا بازی کے شعبے میں چین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور عالمی فضائی صنعت میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔