لاہور:
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور عبدالحکیم سے شورکوٹ تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر زیادہ محفوظ رہتا ہے۔ دورانِ سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کریں۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کرنے، فوگ لائٹس استعمال کرنے اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔