رحیم یار خان:
تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی پولیس بیٹ بھتڑ میں پولیس مقابلے کے دوران بیوی کی ناک کاٹنے کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی پولیس بیٹ بھتڑ کے علاقے میں گشت کر رہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار دو مشکوک افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے تعاقب پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم کی شناخت سراج لوری بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو چند روز قبل اپنی بیوی کی ناک کاٹنے کے سنگین مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ڈی پی او عرفان علی سموں نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔