کراچی میں رکشے کے ذریعے منشیات کی سپلائی، 2 ملزمان گرفتار

سچل پولیس نے کارروائی کے دوران 28 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی


اسٹاف رپورٹر November 16, 2026

کراچی:

شہر میں رکشے کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 28 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان ایسٹ زون پولیس کے مطابق تھانہ سچل پولیس نے خفیہ اطلاع پر مدینہ کالونی اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد امین ولد رمضان اور ادریس ولد امانت الرحمن کے نام سے ہوئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان رکشے کے ذریعے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کررہے تھے۔ کارروائی کے دوران رکشے سے 28 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی۔

ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی نقد رقم بھی برآمد ہوئی جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔