پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور فیملی ولاگر معاذ صفدر نے اپنی تیسری اولاد کی پیدائش کی خوشی میں اہلیہ صبا معاذ کو تحفے میں گاڑی دے دی۔
حال ہی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد معاذ صفدر نے اہلیہ کے لیے سرمئی رنگ کی سوزوکی ویگن آر خریدی، جسے ان کے گھر پہنچایا گیا۔
صبا معاذ نے سوشل میڈیا پر گاڑی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شوہر کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’’الحمدللہ، میں نے انہیں ایک خوبصورت شہزادی کا باپ بنایا اور انہوں نے مجھے بھی شہزادی جیسا احساس دلایا۔‘‘
ان کی پوسٹ سامنے آتے ہی مداحوں نے جوڑے کو مبارک باد دی اور معاذ صفدر کے اس محبت بھرے اقدام کو سراہا۔

واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے معاذ صفدر اور صبا معاذ سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت رکھتے ہیں، جہاں دونوں اپنی روزمرہ زندگی کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔