شاداب خان کو امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار مہنگا پڑگیا

شاداب نے میچ میں 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے تاہم ان کی ٹیم کو 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا


اسپورٹس ڈیسک November 16, 2026

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کو ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

یہ واقعہ جمعہ کو شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای بلز اور عربین ایسز کے درمیان کھیلے گئے ایونٹ کے 15ویں میچ میں پیش آیا جہاں شاداب امپائر کے ایک فیصلے سے ناخوش دکھائی دیے۔

شاداب کا خیال تھا کہ باؤنسر کو وائیڈ قرار دیا جانا چاہیے تھا تاہم امپائر نے ایسا نہیں کیا۔

فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑی نے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا جسے امپائر کے فیصلے سے اختلاف اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

ابوظہبی ٹی 10 کی انتظامیہ کے مطابق شاداب خان کو ضابطہ اخلاق کے لیول ون کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جو میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔

شاداب نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ سزا قبول کرلی۔

مذکورہ مقابلے میں شاداب نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے تاہم ان کی ٹیم یو اے ای بلز کو عربین ایسز کے ہاتھوں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دفاعی چیمپئن یو اے ای بلز پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔