’کئی ممالک گھومے مگر پاکستان جیسا پیار کہیں نہیں ملا‘، امریکی راک بینڈ

دورے کا اختتام آرٹس کونسل آف پاکستان کے عالمی ثقافتی میلے میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔


ویب ڈیسک November 16, 2026

امریکی راک بینڈ ’برن دی بال روم‘ نے پاکستان کا دو ہفتوں پر مشتمل دورہ مکمل کر لیا، جس کے دوران امریکی موسیقاروں نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔

امریکی آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام کے تحت بینڈ نے 2 سے 15 نومبر تک اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں مختلف موسیقی کی تقریبات اور ورکشاپس میں شرکت کی جن کے ذریعے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں سے رابطہ ہوا۔

بینڈ کے ڈرمر جیک آئیونز نے پاکستانیوں کی محبت اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل 10 ممالک کا دورہ کر چکے ہیں لیکن پاکستان جیسی مہمان نوازی کہیں نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص نے انہیں اپنے خاندان کا حصہ ہونے کا احساس دلایا اور یہ تجربہ زندگی بھر یاد رہے گا۔

امریکی بینڈ نے اسلام آباد اور لاہور میں مختلف تقریبات میں پرفارم کیا جبکہ سُرتال اکیڈمی آف میوزک کے تعاون سے مقبول پاکستانی ملی نغمے ’دل دل پاکستان‘ اور امریکی نغمے ’امریکہ دی بیوٹی فل‘ کی دھنوں کا امتزاج بھی پیش کیا۔

دورے کا اختتام آرٹس کونسل آف پاکستان کے عالمی ثقافتی میلے میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔

واضح رہے کہ امریکی آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام کے تحت ہر سال امریکی فنکار 20 سے زائد ممالک میں ثقافتی اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔