انڈر19 ایشیا کپ:  جیت پر بھارتی ٹیم کے جارحانہ انداز میں جشن منانے پر شعیب اختر کا ردعمل

انہوں نے کہا کہ کرکٹ صرف کھیلنے کا نام نہیں بلکہ اخلاقی اقدار کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے


ویب ڈیسک November 16, 2026
(فوٹو: فائل)

سابق پکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ جشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو جارحیت کے ساتھ اچھے اخلاق اور کھیل کی اقدار بھی سکھانے کی ضرورت ہے۔

سابق فاسٹ بولرشعیب اختر  نے ایک پروگرام میں  گفتگو کرتے ہوئے فائنل میں کامیابی پر بھارتی ٹیم کو مبارک باد دی اور دباؤ کے لمحات میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف بھی کی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بھارت نے بہترین کرکٹ کھیلی، اس کے پاس میچ جتوانے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی تھے، تاہم کرکٹ صرف کھیلنے کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ اقدار کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ اور سارو گنگولی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ  ان کے اچھے تعلقات  ہیں۔ ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان سخت مقابلے کے باوجود کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کیا۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کے جوش، جذبے اور جارحانہ انداز کو سمجھتاہوں اور یہ انداز پسند بھی آیا لیکن کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ اچھے اخلاق بھی سکھانے چاہئیں تاکہ 15 سے 20 سالہ کرکٹ کیریئر کے دوران بھی ایک دوسرے کے ساتھ دوستی اور احترام برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم بھارت سے کہیں بہتر تھی، تاہم فائنل میں پاکستانی کھلاڑی دباؤ برداشت نہیں کرسکے جبکہ بھارت نے اہم موقع پر دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالا۔

واضح رہے کہ 14 نومبر کو عمان میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ بھارتی کھلاڑی موہت اولوا نے آخری گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی تھی اور اس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے نامناسب انداز اپناتے ہوئے جشن منایا تھا۔