افغانستان: طالبان نے کرکٹ کمنٹری نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی

اے ایف پی کے مطابق صوبائی محکمے نے بروز ہفتہ ریڈیو اسٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی


ویب ڈیسک November 16, 2026

افغانستان میں طالبان حکومت نے مبینہ طور پر صوبہ قندھار کے ریڈیو اسٹیشنوں پر کرکٹ میچوں پر تبصرے اور میچ سے متعلق خبریں نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

یہ پابندی ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب حکومت ملک میں مقبول کھیل کرکٹ کو دوبارہ فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کے روز ریڈیو اسٹیشنز کو ہدایت جاری کی کہ وہ کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر نہ کریں۔

اے ایف پی نے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ’کرکٹ میچوں پر تبصرے، خبروں کی کوریج اور حتیٰ کہ میچ میں کامیابی کے نتائج سے متعلق رپورٹنگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔‘

یہ پابندی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے 2021 میں امریکی قیادت میں نیٹو افواج کے انخلا کے بعد دوبارہ اقتدار سنبھالا تھا، جس کے بعد انہوں نے متعدد شعبوں میں سخت پابندیاں عائد کیں۔

ان پابندیوں میں خواتین کی رسمی تعلیم پر قدغن، موسیقی پر پابندیاں اور مخلوط مارشل آرٹس (ایم ایم اے) اور شطرنج جیسے کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔