بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آنے والے ایک دل خراش واقعے میں سفاک والد نے اپنے ہی بیٹے کی جان لے لی، اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوس ناک واقعہ 15 نومبر کو ریاست کرناٹک کے ضلع تمکورو کے گاؤں چودانایاکاناپالیا میں پیش آیا جہاں نجے گوڑا نامی شخص کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوگیا۔
ملزم مبینہ طور پر شراب نوشی کا عادی تھا اور اکثر اپنی بیوی سے لڑائی جھگڑا کرتا رہتا تھا۔ اتوار کو بھی میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تو ان کے 16 سالہ بیٹے سنیل نے مداخلت کرکے جھگڑے سے روکنے کی کوشش کی۔
بیٹے کی مداخلت پر باپ طیش میں آگیا اور مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گھر سے باہر نکال دیا جبکہ بیٹے کو گھر کے اندر بند کرکے اسے لوہے کی سلاخ سے پیٹتا رہا جب تک کہ لڑکے نے دم نہ توڑ دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا تاہم واقعے پر مشتعل دیہاتیوں کی بڑی تعداد ملزم کے گھر کے باہر جمع ہوگئی اور پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے دوران اس پر تشدد کیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔