او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی وزیراعظم سے ملاقات، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ

او آئی سی کے اراکین کی جانب سے اتفاق رائے سے سیکریٹری جنرل کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ قیادت پر اعتماد ہے، وزیراعظم


اسٹاف رپورٹر November 16, 2026
فوٹو پی آئی ڈی

وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل الشیخ سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ اسلام آباد پر ان کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے ان کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ رکن ممالک کو ان کی قیادت پر اعتماد ہے۔ 

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر کوششوں کو سراہا۔ 

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی مسلم امہ کے مشترکہ مفاد کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

دونوں جانب سے فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس حوالے سے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔