ایبٹ آباد: خاتون کو نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے کے الزام میں ملزم گرفتار

ملزم پر خاتون اور ان کے اہلِ خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے، ترجمان این سی سی آئی اے


اسٹاف رپورٹر November 16, 2026

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی  ایبٹ آباد نے کارروائی کرتے ہوئے سائبر ہراسانی اور بلیک میلنگ کے الزام میں ایک ملزم  کو گرفتار  کرلیا۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کی لاعلمی میں نجی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں اور نجی مواد کے ذریعے خاتون کو بلیک میل اور بدنام کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔

ملزم پر خاتون اور ان کے اہلِ خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے جبکہ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 (ترمیمی 2025) کی دفعات 20، 21، 24 اور دفعہ 506 پی پی سی کے تحت کارروائی کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات پر بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے اور خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔