کراچی : بے لگام ہیوی ٹریفک نے ٹریفک پولیس کو بھی نا بخشا، ڈرائیور کی پولیس کے ساتھ بدمعاشی

ٹرک ڈرائیور نے روکنے کی کوشش کرنے پر پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار کر نقصان پہنچایا تاہم پولیس نے تعاقب کر کے پکڑ لیا


شاہ میر خان November 17, 2026

شہر قائد کے علاقے ڈیفنس لائبریری روڈ پر ٹرک ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرتا رہا۔  واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا، جب سڑک پر سامان سے لدے لہراتے ہوئے ٹرک کو دیکھ کر کار میں سوار ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے روکنے کی کوشش کی تو ٹرک ڈرائیور نے  ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔

ٹرک کی ٹکر سے پولیس کی کار موبائل فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔ اس ہی اثناء میں ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرتا رہا۔تاہم حادثے کے باوجود اہلکار نے ہمت نہ ہاری اور ٹوٹی ہوئی گاڑی کے ساتھ ٹرک کا تعاقب کرتے ہوئے ڈرائیور کو پکڑ لیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت ٹرک ڈرائیور کے خلاف کارروائی بھی کردی گئی ہے جبکہ ٹرک مالک کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔