پٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط دیا جس میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر ردوبدل کیا جائے۔
پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے کہا کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے سے پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے کاروباری منصوبہ بندی اور اسٹاک کا انتظام مشکل ہو گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتیں کم ہونے پر مہنگے داموں خریدا گیا پیٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے جبکہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے پٹرول پمپ مالکان کے مالی نقصانات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پمپ مالکان ایسوسی سی ایشن نے کہا وزیراعظم سے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے۔ جس سے پمپ مالکان کو کاروباری استحکام ملے گا۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم سے معاملے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمپ مالکان کو غیر ضروری مالی نقصانات سے بچانے کے لیے قیمتوں میں ماہانہ تبدیلی کا نظام متعارف کرایا جائے۔