سپریم کورٹ کا عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی رہائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری

عمرقید کا مجرم کم از کم 15سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا، جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے فیصلہ تحریر کیا، سپریم کورٹ


جہانزیب عباسی November 17, 2026

سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی رہائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا، جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے فیصلہ تحریر کیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ 15 سال حقیقی قید مکمل کیے بغیر انتظامی معافی کے ذریعے رہائی قانون کی نظر میں کالعدم ہے، جیل حکام معمول کی معافیوں کو جمع کرکے عمر قید کی سزا 15 سال سے کم نہیں کر سکتے، جیل حکام آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کے اختیارات پر قبضہ نہیں کر سکتے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ انتظامی حکام کو عدالتی فیصلوں کی حتمیت اور تقدس متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،  قتل کے مقدمے میں عمر قید پانے والا مجرم 9 سال 11 ماہ قید کاٹ کر رہا ہو گیا تھا۔

سینٹرل جیل مردان کی رپورٹ میں مجرم گل نواب کی قبل از وقت رہائی کا انکشاف ہوا، مجرم گل نواب کو مجموعی طور پر 15 سال 6 ماہ 14 دن کی معافی دی گئی تھی،  سپریم کورٹ نے مجرم کی 9 سال سے زائد قید کے بعد رہائی غیر قانونی قرار دے دی۔

سپریم کورٹ نے مجرم گل نواب کو فوری گرفتار کرکے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا، عدالت عظمیٰ نے کہا کہ مجرم کو باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل میں رکھا جائے، جیل سے باہر آزاد رہنے کی مدت سزا میں شمار نہیں ہو گی۔

ٹرائل کورٹ کو مجرم کی گرفتاری کے لیے نیا وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا  کہ صدر مملکت کو آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت سزا معاف یا کم کرنے کا غیر محدود اختیار حاصل ہے،  خصوصی صدارتی معافی برقرار رہے گی، تاہم حقیقی قید 15 سال سے کم نہیں ہو سکتی،  اگر عمومی معافی سے قید 15 سال سے کم ہو تو اسے ضروری حد تک کم کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ آئینی اختیار رکھنے والا ادارہ ماتحت قوانین کے ذریعے حاصل اختیارات سے محروم نہیں کیا جا سکتا، صدارتی معافی کا بنیادی مقصد مجرموں کی اصلاح، بحالی اور کردار سازی ہے،  تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہر قیدی کی سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات ٹرائل کورٹ کو بھجوانے کا حکم دیا۔

ضابطہ فوجداری کی دفعہ 400 کے تحت سزا کے وارنٹ متعلقہ ٹرائل کورٹ کو واپس بھیجنے کی ہدایت کی اور سیکریٹری محکمہ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں میں 21 اکتوبر 2026ء کی انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کا حکم دیا،  عدالتی فیصلے کی نقل تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز کو بھجوانے کی ہدایت کی، تمام صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جیز جیل خانہ جات کو بھی فیصلے کی نقول بھجوانے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ سزا پر عمل درآمد محض جیل سے باہر آنے سے مکمل تصور نہیں کیا جا سکتا، عدالتوں کو یقینی بنانا ہو گا کہ مجرموں کو سنائی گئی سزاؤں پر قانون کے مطابق مکمل عمل درآمد ہو،  انتظامی غفلت اور غیر مجاز رعایتوں سے عدالتی فیصلوں کی ساکھ متاثر نہیں ہونے دی جا سکتی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سزا پر درست عمل درآمد نہ ہونے سے نظام انصاف پر عوام کا اعتماد کمزور ہوتا ہے، 15 سالہ حقیقی قید میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کے تحت شمار ہونے والی مدت بھی شامل ہو گی، 23 سال قبل قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم 12 سال مفرور رہنے کے بعد گرفتار ہوا تھا۔