خواتین کو چھوٹے کاروباری قرضوں کی آسان فراہمی بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ایس ای سی پی

مالی آگاہی کی کمی کیپٹل مارکیٹ میں عوامی شرکت میں بڑی رکاوٹ ہے، سیمینار سے خطاب


ارشاد انصاری November 17, 2026

اسلام آباد:

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی خواتین کو کاروبار کے لیے چھوٹے قرضوں کی آسان فراہمی بڑھانے اور نوجوانوں کو باخبر مالی فیصلے کرنے کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایس ای سی پی ٹاک سیریز کے تحت ’’مالیاتی آگاہی، نوجوان اور خواتین کی شمولیت‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ ملی بینڈ نے بطور مہمان خصوصی اور کلیدی مقرر خطاب کیا۔

ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ خواتین کی مالی شمولیت بڑھانے اور پاکستانی خواتین کو کاروبار کے لیے معاونت فراہم کرنے کی غرض سے ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو چھوٹے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی کے ساتھ مالی آگاہی دینا بھی ضروری ہے۔ سماجی ترقی کو معاشی مواقع سے جوڑ کر پائیدار معاشی خودمختاری حاصل کی جا سکتی ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ مالی آگاہی کی کمی کیپٹل مارکیٹ میں عوامی شرکت کی بڑی رکاوٹ ہے۔ ایس ای سی پی خواتین کو کاروبار کے لیے چھوٹے قرضوں کی آسان فراہمی بڑھانے اور نوجوانوں کو باخبر مالی فیصلے کرنے کے قابل بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت مالی آگاہی اور سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے پر کام جاری ہے۔ ایس ای سی پی کی ٹیمیں ملک بھر، بالخصوص جامعات میں نوجوانوں کو بچت، سرمایہ کاری اور مالی فراڈ سے بچاؤ کی آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔

سیمینار میں ایس ای سی پی افسران نے خواتین کی مالی شمولیت اور مالی آگاہی پروگرام پر بریفنگ دی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ نان بینک مائیکروفنانس کمپنیوں کے فعال قرض داروں میں خواتین کا تناسب 81.9 فیصد ہے۔ مالی سال 2026 میں ان کمپنیوں نے خواتین کو 236 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے۔

مالی آگاہی پروگرام کے تحت 432 اسکولوں کے 1,500 اساتذہ اور گلگت بلتستان کے 10 کالجوں کے 2,000 طلبہ تک رسائی حاصل کی گئی۔ سیمینار میں خواتین، نوجوانوں اور بحران سے متاثرہ آبادیوں تک مالی تعلیم پہنچانے اور مشترکہ اقدامات کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔