ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے نتائج سے منسلک قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد پنشن کے بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو قابو میں لانا، پنشن نظام کو پائیدار بنانا اور ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبوں پر اخراجات کے لیے مالی گنجائش پیدا کرنا ہے۔
پاکستان میں وفاقی پنشن کے اخراجات مالی سال 2016 کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور اب سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔
روایتی پنشن نظام میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد ادائیگیاں حکومت سالانہ بجٹ سے کرتی ہے، جس کے باعث پنشن واجبات میں اضافے کے ساتھ سرکاری خزانے پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ پاکستان نے وفاقی پنشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور یہ پروگرام ان اصلاحات کو جاری رکھنے اور ادارہ جاتی سطح پر مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔
ان کے مطابق اے ڈی بی کا تعاون اداروں کو مضبوط بنانے، شفافیت بہتر کرنے اور پنشن نظام کو پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
اے ڈی بی کی مالی معاونت حکومت پاکستان کے پنشن اصلاحاتی منصوبے کے پہلے مرحلے اور متعین شراکت داری پر مبنی پنشن نظام کی جانب منتقلی میں مدد فراہم کرے گی۔ جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے اس نئے پنشن نظام میں شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
پروگرام کے تحت پنشن واجبات میں کمی لانے کے لیے انتظامی نظام بہتر بنایا جائے گا، ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے مالی شفافیت بڑھائی جائے گی جبکہ پنشن خدمات کی فراہمی اور مستحقین میں مالیاتی آگاہی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔