دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی ریلیز کا شوق اس قدر بڑھ گیا ہے کہ بھارت کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے خصوصی چھٹی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی انٹیریئر ڈیزائن کمپنی ’انڈے بائی چیئرز کارٹے‘ نے 19 نومبر کو ملازمین، انٹرنز اور فری لانسرز کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی پسندیدہ گیم سے لطف اندوز ہو سکیں۔
کمپنی کے بانی اور سی ای او کشور شنموگم نے انسٹاگرام پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کئی برسوں سے اس گیم کا انتظار کر رہے تھے، اس لیے ریلیز کے دن دفتر بند رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین نے بچپن میں جی ٹی اے وائس سٹی اور جی ٹی اے 5 جیسی گیمز کھیلی ہیں اور اب 13 سال بعد نئی گیم کی آمد ان کے لیے خاص موقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپیوٹر آلات بنانے والی معروف کمپنی لاجی ٹیک نے بھی اپنے تقریباً 7 ہزار ملازمین کے لیے ’لاگی گیم ڈے‘ متعارف کرایا ہے۔ اس سہولت کے تحت ملازمین آئندہ 12 ماہ کے دوران ویڈیو گیمز کھیلنے کے لیے ایک دن کی چھٹی لے سکتے ہیں، تاہم یہ سہولت صرف جی ٹی اے 6 تک محدود نہیں۔