ہنگو: جے یو آئی کی ریلی کے دوران سڑک بلاک کرنے پر 300 افراد کیخلاف مقدمہ درج

واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، پولیس حکام



ڈیرہ اسماعیل خان:

تھانہ سٹی ہنگو پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کی ریلی کے دوران ہنگو بازار روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرنے پر 250 سے 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تھانہ سٹی میں درج ایف آئی آر نمبر 860/26 کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او محمود عالم خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 188، 341، 147 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 15 نومبر 2026 کو دوپہر 2 بج کر 5 منٹ پر جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں نے ہنگو بازار روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

روڈ کی بندش کے باعث عام شہریوں، مریضوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے تقریباً ایک گھنٹہ 5 منٹ تک روڈ بند رکھا۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو کے احکامات کی روشنی میں علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے موقع پر پہنچ کر روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کرایا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور جلد ہی ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔