برازیل کے معروف فٹبالر نیمار جونیئر کی دبئی میں موجودگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نے صارفین کو الجھن میں ڈال دیا، تاہم حقیقت یہ ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص نیمار نہیں بلکہ ان کا ہم شکل ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ اس میں ایک شخص دبئی مال کے قریب گھومتا دکھائی دیتا ہے، جس کے چہرے اور حلیے کی نیمار سے غیر معمولی مشابہت ہے۔
ویڈیو میں کئی افراد اس شخص کے گرد جمع ہیں، کوئی اس کے ساتھ تصویر بنوانے کی کوشش کررہا ہے تو کوئی اس کے قریب جانے کے لیے بے تاب دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیو پر ’نیمار ان دبئی‘ کے الفاظ بھی درج ہیں، جس سے دیکھنے والوں میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ برازیلی اسٹار اچانک دبئی پہنچ گئے ہیں۔
تاہم یہ شخص نیمار نہیں بلکہ ان کا ہم شکل ہے، جس کی ظاہری مشابہت کے باعث لوگ اسے فٹبالر سمجھ بیٹھے۔
دوسری جانب 34 سالہ نیمار دراصل اپنے آبائی ملک برازیل میں موجود ہیں۔ انہوں نے پیر 16 نومبر کو ساؤ پاؤلو کے شہر گوارولہوس میں کنگز لیگ کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔
سینٹوس کے لیے کھیلنے والے نیمار کو کنگز کپ برازیل کے ایک میچ میں خصوصی مہمان کے طور پر میدان میں بلایا گیا۔ یہ مقابلہ فوریہ ایف سی اور پوڈپاہ فنک بول کلب کے درمیان تھا۔ فوریہ ایف سی کی مشترکہ ملکیت نیمار اور ان کے دوست کرس گویڈس کے پاس ہے۔
اس تقریب میں نیمار کے ساتھ سینٹوس کے ساتھی کھلاڑی فلپے کوٹینہو اور آرتھر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہیں ایک خصوصی پنالٹی لگانے کی دعوت دی گئی، جسے ’پریزیڈنٹ پینلٹی‘ کہا جاتا ہے۔
نیمار نے اس موقع پر منفرد انداز اپنایا۔ انہوں نے گیند کو کک مارنے سے پہلے اپنا ہاتھ آنکھوں پر رکھا اور گول کی جانب دیکھے بغیر شاٹ لگایا، جو کامیاب رہا۔
کنگز لیگ فٹبال کا سات کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متبادل مقابلہ ہے، جس کی بنیاد بارسلونا کے سابق دفاعی کھلاڑی جیرارڈ پیکے نے رکھی تھی۔ اس لیگ میں روایتی فٹبال کے ساتھ تفریحی عناصر، غیر معمولی قوانین، خصوصی پنالٹیز اور شائقین کی دلچسپی بڑھانے والے نئے طریقے شامل کیے گئے ہیں۔
نیمار کی شرکت کنگز کپ برازیل کے گروپ مرحلے کے پانچویں اور آخری راؤنڈ میں ہوئی۔ ان کی ٹیم فوریہ ایف سی نے ان کی کامیاب پنالٹی کے باوجود پوڈپاہ فنک بول کلب کے ہاتھوں 5 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کھائی۔
یوں دبئی میں نیمار کی اچانک آمد کا تاثر دینے والی ویڈیو دراصل ان کے ہم شکل کی تھی، جبکہ اصل فٹبال اسٹار اس دوران اپنے ملک برازیل میں ایک فٹبال ایونٹ میں شریک تھے۔