شہریوں کے ساتھ رویے کی نگرانی، پشاور کے تمام تھانوں میں محرر پر باڈی کیمرے نصب

کیمرے سی سی پی او آفس کے ساتھ براہِ راست منسلک ہونگے، سائلین اور محرر کے درمیان ہوئی گفتگو اور کارروائی کی نگرانی ہوگی


احتشام خان November 17, 2026

پشاور:

پشاور پولیس نے تھانوں میں شفافیت، احتساب اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے جدید آن لائن مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا دیا، شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے محرر اسٹاف کی ڈیوٹی، کارکردگی اور شہریوں کے ساتھ رویے کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے تمام تھانوں کے محرر اسٹاف کو باڈی کیمرے فراہم کر دیے گئے ہیں جو پولیس لائنز میں واقع سی سی پی او آفس کے ساتھ براہِ راست منسلک ہوں گے۔ نئے نظام کے تحت اب تھانے آنے والے سائلین اور محرر کے درمیان ہونے والی گفتگو، شکایات کی سماعت اور دفتری امور کی انجام دہی بھی اعلیٰ پولیس حکام کی نگرانی میں ہوگی۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پشاور پولیس کے تمام تھانہ جات میں شفافیت، احتساب اور پیشہ ورانہ پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے محرر اسٹاف کے فرائض کی انجام دہی اور عوام کے ساتھ رویے کی براہِ راست نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے، محرر کو دیے گئے کیمرے سی سی پی او آفس سے منسلک ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے محرر اسٹاف کی کارکردگی، شہریوں کے ساتھ برتاؤ اور دفتری امور کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔ تمام محرر کو  دورانِ ڈیوٹی سائلین کی داد رسی اور تھانوں میں ہوئی تمام کارروائیوں کو باڈی وورن کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ تھانوں میں شہریوں کے ساتھ ہونے والے معاملات کا باقاعدہ ریکارڈ موجود رہے۔

پولیس حکام کے مطابق باڈی وورن کیمروں کو سیف سٹی سسٹم سے بھی منسلک کیا جائے گا، جبکہ ان کیمروں کی مانیٹرنگ سی سی پی او آفس سے کی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے تھانے آنے والے شہریوں کی محرر اسٹاف سے ہونے والی گفتگو اور ان کے ساتھ اختیار کیے جانے والے رویے کا جائزہ لیا جاسکے گا۔ کسی بھی شہری کے ساتھ نامناسب رویے، بدتمیزی یا شکایت کی صورت میں کیمرے میں محفوظ ویڈیو کو بطور ثبوت استعمال کیا جاسکے گا۔