سائٹ کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم فراہمی پر احتجاج

ملازمین دفتر کے احاطے میں جمع ہوگئے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے، یونین نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا


ویب ڈیسک November 17, 2026

کراچی:

سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر دفتر کے اندر احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت صنعت و تجارت سندھ کے ماتحت ادارے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا اور انتظامیہ سے تںخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

یونین کے زیر اہتمام ہوئے احتجاج کے دوران ملازمین اپنے سیکشنز سے باہر نکل کر دفتر کے احاطے میں جمع ہوگئے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔

ملازمین نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی جیبیں خالی ہوتی ہیں، تنخواہیں پہلے ہی کم ہیں ایسے میں جو تنخواہ ہے وہ بھی بروقت نہ ملے تو ظلم در ظلم ہے۔

دریں اثنا تنخواہیں ملنے میں تاخیر اور ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے سائٹ ورکرز یونین کی جانب سے جمعرات کو کمیونٹی ہال فرسٹ شاپنگ سینٹر سائٹ میں اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں یونین رہنماؤں سمیت سائٹ کے ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔