امریکا؛ کم عمر بچوں سے جنسی جرائم؛ میاں بیوی ہوٹل سے رنگے ہاتھوں گرفتار

ملزم مائیکل اسمتھ ایک تکنیکی تعلیمی ادارے میں استاد تھا جسے اب برطرف کر دیا گیا


ویب ڈیسک November 17, 2026
امریکا میں کم عمر بچوں سے جنسی جرائم کے الزامات پر گرفتار میاں بیوی کیخلاف پولیس کی تحقیقات جاری (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

امریکی ریاست ایریزونا میں کم عمر بچوں سے جنسی جرائم کے الزامات پر میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک متاثرہ نوعمر لڑکی کو ان کے چنگل سے آزاد کراکر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں بچوں سے جنسی جرائم کے سنگین الزامات پر میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ معاملے کی ابتدا ایک ہوٹل میں 12 سالہ لڑکی سے ملاقات کی کوشش سے ہوئی تاہم تحقیقات کے دوران خاندان کی ایک نوعمر لڑکی سے مبینہ زیادتی کا انکشاف بھی سامنے آیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 12 نیوز کے مطابق اسکاٹسڈیل پولیس کو ڈبل ٹری رینچ روڈز کے قریب واقع ایک ہوٹل میں مشتبہ سرگرمی کی اطلاع ملی۔

جہاں مائیکل اسمتھ نامی شخص 12 سالہ لڑکی اور اس کی والدہ سے ملاقات کرنے پہنچا تھا۔ نابالغ لڑکی اور اس کی ماں ایک ایسے گروہ سے وابستہ تھیں جو مائیکل جیسے مشتبہ افراد کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔

اسی گروہ کی اطلاع پر پولیس نے مائیکل اسمتھ کو ہوٹل سے گرفتار کرلیا جس نے تحقیقات کے دوران اپنے ہی خاندان کی ایک نوعمر رشتہ دار کے ساتھ جنسی زیادتی کا اعتراف کرلیا اور اپنی علیحدہ رہنے والی اہلیہ ٹیری اسمتھ کے ملوث ہونے کا بھی بتایا۔

پولیس نے مائیکل کے موبائل فون کی تلاشی لی تو اس میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد ملا۔ بعد ازاں گھر کی تلاشی کے لیے عدالتی اجازت حاصل کی گئی جس کے بعد ٹیری کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ متاثرہ نوعمر لڑکی کو تلاش کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزم مائیکل اسمتھ ایک تکنیکی تعلیمی ادارے میں استاد تھا جسے اب برطرف کردیا گیا۔

دوسری جانب پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے معاملات میں خود کارروائی کرنے کے بجائے پولیس کو تحقیقات کرنے دیں۔