عراق نے 12 سال سے بند ’’کرکوک جیہان پائپ لائن‘‘ کے ذریعے ترکیہ کو خام تیل کی برآمد دوبارہ شروع کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عراق کے وزیر تیل نے منگل کو بتایا کہ ترکیہ جانے والی پائپ لائن کی مرمت، بحالی اور تکنیکی و عملی جانچ مکمل ہونے کے بعد تیل کی ترسیل بحال کردی گئی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے عراق کو اپنے شمالی علاقوں سے تیل عالمی منڈیوں تک پہنچانے کا ایک اضافی راستہ مل گیا۔ یہ راستہ عراق کے شمالی شہر کرکوک کو ترکیہ کی بحیرہ روم کے ساحلی بندرگاہ جیہان سے ملاتا ہے۔
یاد رہے کہ تقریباً 960 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن 2014 میں شدت پسند تنظیم داعش کے حملوں کے نتیجے میں بند ہوگئی تھی۔ جس کے بعد عراق کو شمالی علاقوں سے تیل کی برآمد کے لیے متبادل انتظامات کرنا پڑے تھے۔
ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے بعد عراق متبادل برآمدی راستے تلاش کر رہا ہے اور یہ مقصد کرکوک جیہان پائپ لائن کی بحالی سے حاصل کرلیا گیا۔
اس پیش رفت سے عراق کا جنوبی بندرگاہوں اور آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے تاہم مجموعی برآمدات میں اضافے کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ نئی ترسیل موجودہ برآمدات کے علاوہ ہوگی یا ان کی جگہ لے گی۔