افغانستان میں طالبان مخالف مسلح مزاحمت میں شدت آگئی، رواں سال مسلح جھڑپوں اور حملوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
معروف امریکی ادارہ برائے تنازعات کے اعدادوشمار اے سی ایل ای ڈی کے مطابق رواں سال طالبان اور مسلح مخالف گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال 14 صوبوں تک محدود رہنے والے جھڑپوں کا سلسلہ رواں سال 28 صوبوں تک پھیل چکا ہے۔
اے سی ایل ای ڈی کے مطابق طالبان مخالف مسلح جھڑپوں میں افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ سرفہرست ہے، رواں سال ریکارڈ جھڑپوں میں 44 فیصد اسی گروہ سے منسوب ہوئیں۔ طالبان مخالف مسلح مزاحمت میں نئے گروہوں کا اضافہ ہوا ہے، شمالی علاقوں میں نیشنل ریزسٹنس اور افغانستان فریڈم فرنٹ نمایاں ہیں۔
اے سی ایل ای ڈی کے مطابق طالبان رجیم کے روایتی مرکز قندھار اور ہلمند میں بھی مزاحمتی گروہوں کی کارروائیاں سامنے آئیں۔
طالبان رجیم کے زیر تسلط بڑھتی عوامی بے چینی اور سیاسی و نسلی کشیدگی مسلح مزاحمتی تحریکوں کو مسلسل تقویت دے رہی ہے۔ مخالف گروہوں کی بڑھتی کارروائیوں نے طالبان کے مکمل کنٹرول کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔