الخدمت فاؤنڈیشن کا غزہ کے بے گھر خاندانوں میں ونٹر پیکج کی تقسیم کا آغاز

غزہ میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 26 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں


آصف محمود November 18, 2026

لاہور:

الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے بے گھر خاندانوں میں موسم سرما کا امدادی پیکج تقسیم کرنا شروع کردیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق غزہ میں حالیہ بارشوں اور شدید سردی نے بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے 70 ہزار خیمے متاثر جبکہ 26 ہزار خاندانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو خیمے، ترپالیں، لحاف اور گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ونٹر پیکج میں بچوں کے لیے دستانے، جوتے، جرابیں، گرم ٹوپیاں اور مفلر بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق فلسطین میں الخدمت کی مجموعی امدادی سرگرمیوں کی مالیت 10 ارب 51 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ غزہ کے متاثرین کے لیے اب تک 7 ہزار 580 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔ امدادی سامان کی ترسیل کے لیے 34 فضائی پروازیں، 4 بحری جہاز اور 73 امدادی ٹرک استعمال کیے گئے۔

صدر الخدمت نے بتایا کہ فلسطینی طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے 634 طلبہ کو ماہانہ وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔ قاہرہ میں الخدمت اسکول میں 300 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ غزہ میں بھی 2 اسکول فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت 2 ہزار 588 سے زائد فلسطینی یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے جبکہ شہید یا شدید زخمی ہونے والے 540 ہیلتھ ورکرز کے خاندانوں کی کفالت بھی جاری ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق غزہ ایجوکیٹ میڈکس پراجیکٹ کے تحت 2 ہزار 100 میڈیکل طلبہ کو تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ پاکستان سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے 38 فلسطینی طلبہ قاہرہ میں ہاؤس جاب کر رہے ہیں۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ معذوری کا شکار 10 فلسطینیوں کے لیے مصنوعی اعضا کا انتظام بھی کیا گیا ہے، الخدمت غزہ کے انسانی بحران میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔