پشاور ہائیکورٹ کا لاپتا روسی شہری کو 15 دن میں بازیاب کرانے کا حکم

عدالت نے اٹارنی جنرل اور پولیس سے روسی شہری کا پس منظر، کوائف، خیبرپختونخوا آمد، موبائل فون کا کال ریکارڈ طلب کرلیا


خبرنگار November 18, 2026

پشاور:

پشاور ہائی کورٹ نے 20 سالہ روسی شہری علی گیلوگائیف کی بازیابی کے لیے دائررٹ پٹیشن پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا اور اداروں کو 15روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کیس پر سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں وفاقی و صوبائی حکام، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ سے تفصیلی رپورٹس مانگی گئی ہے۔

حکم نامے کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل لاپتا شخص کی پاکستان آمد اور بعد ازاں خیبر پختونخوا کی حدود میں داخلے سے متعلق باقاعدہ رپورٹ پیش کریں گے۔ اسی طرح اے آئی جی اسپیشل برانچ لاپتا شخص کے کوائف اور پس منظر سے متعلق رپورٹ دیں گے۔

عدالت نے لاپتا شخص کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوکل پرسن کو اس کا موبائل فون نمبر فراہم کریں، فوکل پرسن اے آئی جی سی ٹی ڈی پشاور سے لاپتا نوجوان کے نمبر کا کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر ) حاصل کر کے عدالت میں جمع کرائیں گریں۔

درخواست گزار کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مبینہ لاپتا شخص روسی شہری ہے جو 30 جنوری 2025ء کو پاکستان آیا تھا، روسی شہری خیبر پختونخوا آیا جہاں سے وہ لاپتا ہوگیا اور مبینہ طور پر نامعلوم افراد اسے اپنے ساتھ لے گئے۔,