برطانیہ میں سرکاری امداد کے نام پر تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ میں ملوث بلغاریہ کے تین شہریوں کو قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کردیا گیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق اسٹویان اسٹویانوف، پاتریتسیا پانےوا اور گیلینا نیکولووا نے فلاحی امدادی نظام سے 5 کروڑ 39 لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم ہتھیانے والے منظم گروہ میں کردار ادا کیا تھا۔
ملزمان نے جعلی شناختوں، ملازمت کے فرضی ریکارڈ، کرایہ ناموں، تنخواہوں کی جعلی رسیدوں اور ڈاکٹروں کے خطوط کے ذریعے ہزاروں افراد کے نام پر یونیورسل کریڈٹ کے جھوٹے دعوے جمع کرائے۔
درخواست مسترد ہونے پر ملزمان نئی تفصیلات کے ساتھ دوبارہ کوشش کرتے جبکہ ہر درخواست کے لیے الگ موبائل نمبر استعمال کیا جاتا تھا۔ لوٹی گئی رقم سے مہنگی گاڑیاں، ڈیزائنر ملبوسات اور قیمتی گھڑیاں خریدی گئیں۔
پولیس نے 5 مئی 2021 کو چھاپوں کے دوران 900 سے زائد برقی آلات قبضے میں لیے اور ایک بستر کے نیچے رکھے سوٹ کیس سے 7 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ نقد برآمد کیے تھے۔ گاڑیاں، زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی ضبط کیا گیا۔
اس مقدمے میں پانچ بلغاریہ باشندوں نے جرم کا اعتراف کیا تھا اور انہیں مجموعی طور پر 25 سال سے زائد قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
ملک بدر کیے جانے والے تین افراد کے علاوہ گروہ کے دو ارکان گیونیش علی اور تسویتا تودورووا تاحال برطانیہ میں موجود ہیں اور انہیں بھی ملک بدر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
برطانوی حکام نے کہا ہے کہ غیر ملکی مجرموں کی ملک بدری کا عمل تیز کیا جارہا ہے اور عوامی فلاحی نظام سے دھوکا دہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔