لاہور کو 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا ٹورازم کیپیٹل نامزد کر دیا گیا ہے۔
آذربائیجان کے شہر شوشا میں منعقدہ تقریب کے دوران ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے یہ اعزاز باضابطہ طور پر لاہور کے حوالے کیا۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر پنجاب سقراط امان رانا نے حکومت پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے اعزاز وصول کیا۔ تقریب میں ای سی او کے رکن ممالک کے حکام، سیاحتی شعبے کے نمائندوں اور مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی۔
ای سی او ٹورازم کیپیٹل 2027 کی حیثیت سے لاہور میں آئندہ سال تنظیم کے سرکاری اجلاسوں اور مختلف سیاحتی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں بسنت فیسٹیول اور لاہور بینالے بھی شامل ہیں، جبکہ سال بھر دیگر سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔
ان تقریبات کے دوران لاہور کے تاریخی مقامات، فن تعمیر، روایتی فنون، کھانوں اور پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون اور ثقافتی روابط کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان نے شوشا میں منعقدہ سیاحتی نمائش میں بھی شرکت کی، جہاں خصوصی پویلین کے ذریعے ملک کے تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور سیاحتی مقامات کو متعارف کروایا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سقراط امان رانا نے کہا کہ ای سی او ٹورازم کیپیٹل کا اعزاز لاہور کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب میں تاریخی ورثے کے تحفظ، سیاحتی سہولیات کی بہتری اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ای سی او کے رکن ممالک سمیت دیگر ملکوں سے سیاحوں اور وفود کی لاہور آمد متوقع ہے۔
تقریب کے موقع پر سقراط امان رانا نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے شرکا کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے۔