کراچی:
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ صوبے کی تقسیم کو غداری کہنا ہی سب سے بڑی غداری ہے۔
بہادر آباد مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے صوبے بنائے جائیں، صوبوں کا قیام سیاسی اور جمہوری طریقے سے حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان کو دیکھتے ہوئے ایک طلبہ تنظیم نے نئے صوبوں کا مطالبہ کیا تھا۔ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد پاکستان میں موجودہ صوبے لسانی بنیادوں پر بنائے گئے۔ ایم کیو ایم کا پالیسی بیان ہے کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے صوبے بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان کے قیام کے اصل مقصد کی تکمیل ہوئی۔ پاکستان کو ملت اسلامیہ کا ماڈل بننا تھا اور خطے کے مسلمان ممالک کی رہنمائی کرنا تھی۔ ایک پڑھی لکھی، باشعور، نظریاتی اور جمہوری ریاست کا جو رویہ ہونا چاہیے، قدرت نے اسے گزشتہ سال مئی میں بھارت سے جنگ کے بعد موقع دیا تھا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس واقعے سے ان سب کو حوصلہ ملا جو اپنی جان سے زیادہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی ہے اور جمہوری طریقے سے حل ہونا ہے۔ ایوانوں اور میڈیا پر ہونے والی گفتگو کو اگر کوئی سڑک پر لانا چاہے تو اس کی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح گزشتہ پچاس، ساٹھ سالوں میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژن میں اضافہ ہوتا رہا، اسی طرح صوبے بھی انتظامی یونٹس ہیں۔ ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح صوبے بھی انتظامی یونٹس سے زیادہ کچھ نہیں۔ سوال یہ ہے کہ یہ اضافہ کس نے کیا اور کون کرتا رہا ہے۔
ایم کیو ایم کے چیئرمین نے کہا کہ سندھودیش کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، جبکہ جو بات سندھ کے شہری علاقوں نے کہی تھی وہی پورا پاکستان کہہ رہا ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں کو دھمکی دینے کی کوشش نہ کریں۔ جاگیردارانہ نظام اور جمہوریت کے درمیان صدیوں کا فاصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں بنائی گئی موروثی سیاست کھڑی ہوتی ہے، اس لیے جمہوریت بھی جاگیردارانہ ہوتی ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آپ کے ہاری نہیں ہیں، اس لیے دھمکیاں دینے سے گریز کریں۔ ہم نے مہاجر صوبے کی بات نہیں کی بلکہ پورے پاکستان میں صوبوں کے قیام کی بات کی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں سب سے مضبوط مقدمہ سندھ کے شہری علاقوں کا ہے۔ سندھ کے شہری علاقے 1970 سے ہی تقسیم ہیں، آپ نے کوٹہ سسٹم لگایا تھا۔ پیپلز پارٹی 1970 کے الیکشن میں ہار گئی تھی، قومی جماعت کہنے والے 55 فیصد علاقوں میں نمائندہ ہی نہیں رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب سے جیتی تھی اور خیبر سے اس کا ایک ایم این اے تھا۔ جن کے پاس صرف ڈیڑھ صوبوں کی اکثریت تھی، ان کے ہاتھ پاکستان لگ گیا۔ بلاول زرداری صاحب جو خواہ مخواہ بھٹو بھی ہیں، اگر پورے پاکستان میں صوبے بننے ہیں تو کراچی اور حیدرآباد میں خونریزی کیوں ہوگی؟
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کا نوٹس لیں، کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ ایک قوم کو دھمکی دی گئی ہے۔ ان شہروں کو دھمکی دی گئی جو پاکستان چلاتے ہیں۔ سندھ میں دو طبقے ہیں، ایک جو سو فیصد بجٹ بنا کر دیتا ہے اور دوسرا جو اسے خرچ کرتا ہے، خرچ کرنے والے ایک فیصد حصہ بھی نہیں ڈالتے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مقدمہ سب سے مضبوط ہے، کیا پاکستان پیپلز پارٹی اس کا جواب دے گی؟ انہیں بڑی جماعت پنجاب کے دیہی علاقوں نے بنایا، وہاں انہیں آگے لانے کے لیے کوٹہ سسٹم پنجاب میں کیوں نہیں لگایا گیا؟ آپ قومی لیڈر ہیں یا نسل پرست؟
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حصے کا پاکستان ساتھ لائے تھے۔ آپ اپنے قبیلے سے پوچھیں کہ وہ سندھ کب آیا تھا، آپ سو سال پہلے سندھ میں معاشی پناہ گزین کے طور پر آئے تھے۔ کیا سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی عزیر بلوچ سے کروانی ہے؟ کیا اب قادر مگسی سے رابطہ نہیں ہو رہا؟ ایک سیاسی خاندان کے پاس پچاس، ساٹھ ہزار ارب ہونا پاکستان کی بڑی بدقسمتی ہے۔ یہ پیسہ لاڑکانہ پر بھی نہیں لگایا گیا۔ سب سے امیر صوبے میں سب سے زیادہ غربت ہے، سب سے زیادہ اسکول لیکن سب سے کم لٹریسی ریٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے پہلے دور میں لسانی فساد ہوئے تھے۔ 1970 کے بعد پاکستان کو جوڑنے کی ضرورت تھی، پنجاب اسمبلی اور خیبر اسمبلی نے اسی لیے اردو کو اپنی صوبائی زبان منتخب کیا۔
ایم کیو ایم چیئرمین نے کہا کہ ایک نسل پرست کے بجائے قومی لیڈر بننے کی توفیق اللہ تعالیٰ آپ کو دے۔ ہمارے پاس اس وطن کی زمین تبادلہ آبادی کی صورت میں موجود ہے۔ سندھ کے دیہی علاقوں سے جیت کر آپ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے حکمران کیسے بنے، ہمیں معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے کہا سندھ کے عوام کی مرضی کے خلاف اگر صوبے بنے تو خونریزی ہوگی۔ صدر مملکت نے 2008 میں کہا تھا کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، اس وقت کے چیف جسٹس، کور کمانڈر اور اقوام متحدہ کے اداروں کا بھی یہی ماننا ہے۔ سندھ کی آبادی کا 65 فیصد شہری علاقوں میں موجود ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے عوام کی اکثریت نئے انتظامی یونٹس کے ساتھ ہے۔ اس معاملے کا جواب وفاقی حکومت کو بھی دینا چاہیے۔ آپ نے سوال کیا کہ سندھ کے عوام کی رائے کے بغیر صوبہ بنا تو خونریزی ہوگی، آپ نے تو اس شہر کی 37 ہزار ہائی رائز عمارتوں کی گنتی ہی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا سوال ہے کہ صوبے بننے سے کیا معاشی طور پر خوشحال ہوں گے؟ کراچی تو ہوگا، کسی کو ضرورت ہوئی تو وہ مدد بھی کرے گا۔ اصل آئین کے مطابق اختیار وفاق کے پاس تھا، صوبوں کے پاس کیوں ہوگا؟ کون اپنی راجدھانی کو تقسیم کرے گا؟ آپ مصنوعی اکثریت کے ساتھ حکومت کر رہے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ جاگیردارانہ جمہوریت جبری نظام پر ہی پلتی ہے، اس طرح کا نظام افریقی جنگلوں میں بھی نہیں ملتا۔ بلاول صاحب کی عزت کرتے ہیں لیکن جس طرح کی زبان آپ استعمال کر رہے ہیں، ہم نے ارادہ کیا ہوا ہے کہ لڑنا نہیں ہے، تاہم قانونی اور آئینی جنگ ضرور لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 1988 میں حیدرآباد میں 300 سے زائد مہاجروں کا قتل کیا گیا، آپ حکومت میں ہیں لیکن اس پر کوئی کمیشن نہیں بنایا۔ یہ لب و لہجہ استعمال نہ کریں۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں صوبے کی قرارداد جمع کروا کر منظور کروائی تو سندھ پنجاب سے کیوں مختلف ہے؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب جب پیپلز پارٹی حکومت میں آئی، لسانی بنیاد پر ضلع بنائے۔ کیا ملیر اور کیماڑی کو لسانی بنیاد پر ضلع نہیں بنایا گیا؟ آپ کیوں نہیں کہتے کہ ہزارہ صوبہ بنا تو ایبٹ آباد میں خونریزی ہوگی؟ پنجاب کی پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے آرٹیکل 140 اے کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا، سندھ مقدس گائے ہے تو پنجاب کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ عیاشی کسی ملک کے حکمرانوں کے پاس ہے کہ آئین کا جو آرٹیکل اچھا لگے اسے اپناؤ اور دوسرا آرٹیکل چھوڑ دو۔ وفاقی حکومت اور عدالتوں سے درخواست کریں گے کہ بلاول بھٹو کی دھمکی کا نوٹس لیں۔ یہ دھمکیاں ہم پر کارگر ثابت نہیں ہوں گی، ہماری دلیلوں کے جواب دیں اور پارلیمان میں آکر بات کریں۔
ایم کیو ایم چیئرمین نے کہا کہ کہا جا رہا ہے پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، تو مسئلہ تو آپ ہوئے نا پھر۔ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور گزشتہ سانحات میں بھی ایسا کرچکے ہیں۔ ہم اپنے حصے سے زیادہ قربانی دے چکے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ون یونٹ کا قیام کیا ریفرنڈم کے ذریعے ہوا تھا؟ نام کے آگے سید لگانے والوں کی پانچ ہزار سالہ تاریخ کیسے ہوسکتی ہے؟ پاکستان کی تاریخ 78 سال پرانی ہے، پانچ ہزار سال نہیں۔ کشور زہرا نے اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے کہ صوبے بنانے کا اختیار صوبوں کے بجائے قومی اسمبلی کو ہونا چاہیے۔ کشور زہرا کا بل اب بھی قائمہ کمیٹی میں موجود ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے اور چاروں صوبے اس کا حصہ ہیں۔ پاکستان کی تقسیم کی بات غداری ہے، صوبے کی تقسیم کو غداری کہنا سب سے بڑی غداری ہے۔ دھرتی ماں پاکستان ہے اور صوبے اس کے ماتحت ہیں، صوبوں کی تقسیم کو نہ ماننے والے غدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے درخواست کی گئی ہے کہ امن و امان کے حوالے سے 29 تاریخ کو ریلی نہ نکالیں۔ ہم اس معاملے پر نظرثانی کریں گے اور اپنے لوگوں کی رائے لیں گے۔ ہم اپنے حصے کا کام کرچکے ہیں۔