پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو، مثبت تجاویز حتمی  مسودے میں شامل کریں گے، طارق فضل چوہدری

حکومت پی ٹی آئی کو اپنا مؤقف اور انتخابی تجاویز پیش کرنے کے لیے فورم فراہم کر رہی ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور


خالد محمود November 19, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو، مثبت تجاویز حتمی  مسودے میں شامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل اپوزیشن کی جانب سے نام نہ بھیجنے کے باعث رکی ہوئی ہے، اپوزیشن جلد اپنے نام حتمی کرے۔ عامر ڈوگر سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے تمام نام انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے موصول ہو چکے ہیں، کمیٹی کی تشکیل میں رکاوٹ اپوزیشن کی جانب سے نام نہ بھیجنا ہے۔ اپوزیشن جلد اپنے نام حتمی کرے، نام ملتے ہی اسپیکر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی دھارے کی سیاست میں واپس آنا چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو۔ ٹاک شوز اور اسمبلی میں تحفظات بیان کرنے کے بجائے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنا مؤقف پیش کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی میں پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات دور کرانے کا موقع ملے گا۔ پی ٹی آئی کی مثبت تجاویز انتخابی اصلاحات کے حتمی مسودے میں شامل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں آئندہ انتخابات کے علاوہ موجودہ سیاسی حالات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔ حکومت پی ٹی آئی کو اپنا مؤقف اور انتخابی تجاویز پیش کرنے کے لیے فورم فراہم کر رہی ہے۔