جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ایک بار پھر ملتوی، مسلسل 15 ماہ سے زیر التوا

بھتیجے نے فیصل آباد آج تک دیکھا نہیں اور اسے 60 سال کی سزا دے دی گئی، شیخ رشید کی پیشی کے موقع پر گفتگو


قیصر شیرازی November 19, 2026

راولپنڈی:

انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دی۔

جی ایچ کیو حملہ کیس 15 ماہ سے مسلسل زیر التواء ہے جبکہ کیس کی سماعت کے لیے وڈیو لنک سسٹم 15 ماہ میں بھی فعال نا ہو سکا۔ کیس کے گواہ بھی پیش نہیں ہوئے اور 15 ماہ سے صرف تاریخیں ڈالی جا رہی ہیں۔

بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جیل روبکار سے حاضری لگائی گئی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس میں کل 119 گواہ میں سے 44 کے بیان ہوئے جبکہ جرح کسی پر نہیں ہوئی۔

جج امجد علی شاہ نے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھتیجے شیخ راشد نے فیصل آباد آج تک دیکھا نہیں اور اسے 60 سال کی سزا دے دی گئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب تو آٹا بھی شناختی کارڈ بغیر نہیں ملتا، ریڑھی، چھابڑی، خوانچہ والوں کو ریلیف دیا جائے، پوری قوم کی خواہش ہے کہ غریب کو فوری ریلیف دیا جائے۔