والد کے انتقال کے بعد گھر چلانے کی فکر تھی، گلوکار زین زوہیب کا انکشاف

زین اور زوہیب کے والد معروف قوال نصرت فتح علی خان کے موسیقی گروپ کا حصہ رہ چکے تھے۔


ویب ڈیسک November 19, 2026

پاکستان کے معروف گلوکار بھائیوں زین اور زوہیب نے والد کے انتقال کے بعد پیش آنے والی مشکلات اور زندگی کے تکلیف دہ لمحات سے متعلق گفتگو کی ہے۔

کینیڈا کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں زین نے بتایا کہ والد کے انتقال کے وقت وہ کم عمر تھے، تاہم اس موقع پر رو نہیں سکے کیونکہ انہیں فکر تھی کہ اب خاندان کی ذمہ داریاں کیسے سنبھالیں گے۔

گلوکار کے مطابق والد کے انتقال کے بعد وہ ان کی پنشن اور دیگر معاملات کے لیے بھاگ دوڑ میں مصروف رہے، جس کے باعث اپنے غم کا اظہار بھی نہ کر سکے۔

زین نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد سڑک پر ایک باپ اور بیٹے کو ساتھ دیکھ کر انہیں اچانک احساس ہوا کہ ان کے والد ہمیشہ کے لیے دنیا سے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ زین اور زوہیب کے والد معروف قوال نصرت فتح علی خان کے موسیقی گروپ کا حصہ رہ چکے تھے۔