’دی راک‘ کا ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی کا اعلان، بڑے مقابلے میں شرکت کی تصدیق

دی راک ڈبلیو ڈبلیو ای میں آخری مرتبہ 2025 کے ایلیمینیشن چیمبر میں نظر آئے تھے


اسپورٹس ڈیسک November 19, 2026

ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف سپر اسٹار اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن المعروف دی راک نے رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

وہ 28 نومبر 2026 کو امریکی شہر ہیوسٹن، ٹیکساس میں ہونے والے ایونٹ سروائیور سیریز میں شرکت کریں گے۔

دی راک نے پیٹ میکافی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی شرکت کی تصدیق کی۔ ان کی یہ تقریباً دو سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی پیشی ہوگی۔

رواں سال کی سروائیور سیریز اس حوالے سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ 1996 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کے ڈیبیو کو 30 سال مکمل ہوجائیں گے۔

اس وقت وہ راکی مائیویا کے نام سے رنگ میں اترے تھے تاہم بعد میں دی راک کے نام سے عالمی شہرت حاصل کی۔

ایونٹ میں دی راک کا کردار کیا ہوگا، اس بارے میں فی الحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

تاہم بلڈ لائن کے ساتھ ان کے سابقہ تعلق کے باعث شائقین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے کیونکہ اس ایونٹ میں بلڈ لائن کا وار گیمز مقابلہ بھی شیڈول ہے۔

دی راک آخری مرتبہ 2025 کے ایلیمینیشن چیمبر میں ڈبلیو ڈبلیو ای ٹی وی پر نظر آئے تھے جہاں انہوں نے جان سینا کی منفی کردار میں تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔