اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست پر چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کو درخواست سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس ایاز شوکت نے وکیل سجاد بلوچ کی جانب سے ذاتی حیثیت میں دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک طالب علم جاں بحق ہوچکا ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
وکیل سجاد بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان نے ورلڈ آرگنائزیشن آف اینیمل ہیلتھ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں، یہ تنظیم آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرتی ہے اور اسلام آباد انتظامیہ اس سلسلے میں اس ادارے سے مدد بھی لے سکتی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ اس پر جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے پر ہدایات جاری کر دیتی ہے تاکہ مسئلے کا جلد سدباب ہوسکے۔
عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ درخواست سن کر اس پر فیصلہ کریں۔