کراچی:
ایم کیو ایم کے سربراہ اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر سندھ حکومت کے وزرا اور ترجمانوں نے سخت ردعمل دیا ہے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ قومی فیصلے آئین، جمہوری اصولوں اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھ کر ہی کیے جانے چاہئیں، سندھ کی تقسیم کی کوئی کوشش قبول نہیں کی جائے گی اور لسانیت کی بنیاد پر عوام کو لڑوانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں پریس کانفرنس قومی یکجہتی، ملکی بہتری اور عوامی امنگوں کی بھرپور ترجمانی تھی۔انہوں نے کہا کہ اہم قومی فیصلے آئین، جمہوری اصولوں اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھ کر ہی کیے جانے چاہئیں، بصورت دیگر ان کے نتائج مثبت نہیں ہو سکتے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اہمیت کے فیصلوں میں پارلیمنٹ کو نظرانداز کرنے کے منفی اثرات کی بروقت نشاندہی کی ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس قومی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز پر مشتمل تھی، بلاول بھٹو زرداری کی پیش کردہ تجاویز کو مثبت انداز میں لیا جائے تو درپیش قومی مسائل کے حل کی راہیں کھل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ ملک میں سیاسی گھٹن کے بجائے سیاسی مکالمے اور مفاہمت کے ذریعے سب کے لیے آگے بڑھنے کے راستے کھولے جائیں، قومی معاملات پر اجتماعی دانش اور مشاورت سے فیصلے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جمہوریت اور پارلیمانی سیاست کا بنیادی تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، یہی حقیقی عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کا راستہ ہے، پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا، تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینا اور قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔
صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نہ نئے صوبے بنیں گے اور نہ ہی کوئی ریفرنڈم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب منتخب سندھ اسمبلی پہلے ہی نئے صوبوں کی تجویز کو مسترد کر چکی ہے تو پھر ریفرنڈم کس لیے؟ ہمارے ملک میں ریفرنڈم ہمیشہ آمر حکمرانوں کا ڈھکوسلا اور پناہ گاہ رہے ہیں، عوام نے ان کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ ریفرنڈم فقط اس قومی مسئلے پر کرایا جا سکتا ہے جس پر آئین خاموش ہو یا کوئی ابہام ہو، صوبوں کے معاملے پر آئین میں واضح طریقہ کار درج ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ اقتداری حکمرانوں کی جی حضوری کرتی رہی ہے۔ سندھ کے عوام اور تمام سیاسی جماعتیں سندھ کی تقسیم کسی بھی صورت میں نہیں چاہتیں۔
انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنما پرچی کے ذریعے وزیر اور منتخب نمائندے بنے ہیں، پرچی پر آنے والوں کو آئین اور جمہوریت کا درس دینے کے بجائے پہلے سندھ کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔ ایم کیو ایم اپنے ماضی کو یاد رکھے اور سندھ کے عوام کے جذبات سے کھیلنے سے گریز کرے۔ترجمان
سندھ حکومت سمعتا افضال سید نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت اور بھٹو خاندان کے خلاف ذاتی زبان سیاسی و فکری پستی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پر بات کرنے سے پہلے خالد مقبول صدیقی اپنے اوپر سے را کا ایجنٹ ہونے کا لیبل ہٹوائیں۔ خالد مقبول صدیقی کو اپنی ہی جماعت کے رہنما مصطفیٰ کمال را کا ایجنٹ قرار دے چکے ہیں۔
سمعتا افضال سید نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ کر بھارتی پاسپورٹ پر امریکا جانے والے آج ہمیں حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں۔ بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے آج پاکستان، آئین اور قومی یکجہتی کے سب سے بڑے ٹھیکیدار بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو آپ کی طرح زبان کی بنیاد پر نعشیں، قتل و غارت اور معاشی تباہی نہیں دی، پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا، ایٹمی طاقت بنایا، میزائل ٹیکنالوجی دی، گھر و روزگار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی بتائیں کہ 1984 سے 2013 تک کراچی میں زبان کے نام پر لوگوں کا خون بہانے والے کون تھے، کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے 248 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے کون تھے، سب کو معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھالوں کے لیے کراچی کے شہریوں کی کھال اتارنے والوں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو سب جانتے ہیں، خالد مقبول صدیقی بتائیں کہ کراچی میں کئی دہائیوں تک قتل ہونے والے بے گناہ شہریوں اور یتیم ہونے والے بچوں کا حساب کون دے گا؟ وفاقی وزیر کو بلاول کی سیاست، قامت اور قومی یکجہتی پر لیکچر دینے سے پہلے اپنی سیاسی اوقات کا جائزہ لینا چاہیے۔ ایم کیو ایم والے سندھ کے شہری اور دیہی عوام کو ایک دوسرے سے لڑوانے کی کوشش بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے وفاق میں بیٹھ کر سندھ کے شہری علاقوں کے لیے کیا حاصل کیا؟ صوبے کا شوشہ؟ پریس کانفرنسوں میں اربوں اور کھربوں کے جھوٹے اعداد و شمار اچھالنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے، کراچی کے عوام نے بارہا لسانی سیاست، تشدد اور خوف کی فضا کی قیمت ادا کی ہے، لوگوں کو لڑوانے کی سازش بند کریں۔
دریں اثنا سندھ حکومت کے ترجمان سکھدیو ہیمنانی نے کہا کہ خالد مقبول خوامخواہ میں ایم کیو ایم کے چیئرمین بنے ہوئے ہیں، خالد مقبول کو اپنی ہی پارٹی کے لوگ چیئرمین نہیں مانتے، خالد مقبول نئے صوبے لینے سے پہلے اپنی بکھری ہوئی پارٹی کو سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 65 فیصد آبادی تقسیم کے حق میں ہونے کا دعویٰ کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ایم کیو ایم نئے صوبے کی آڑ میں لسانیت کی آگ بھڑکا رہی ہے، ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی سندھ میں تقسیم اور لسانی فسادات کو ہوا دی، لسانیت اور نفرت کی سیاست کی وجہ سے ایم کیو ایم شہری علاقوں میں ختم ہوگئی۔
سکھدیو ہیمنانی نے کہا کہ سندھ انتظامی یونٹ نہیں، بلکہ ریاست پاکستان کی دوسری بڑی اکائی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے دھمکی نہیں دی، دلائل کے ساتھ حقائق بتائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لسانی جماعت ہوتی تو محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتی؟ آج شور مچانے والے کل الطاف حسین کی ٹیم میں تھے، الطاف دور میں ان کے کردار کا احتساب ہوتا تو آج یہ سب دہشتگردی کے کیسوں میں سزا بھگت رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ایم کیو ایم کی تشدد کی سیاست ووٹ سے مسترد کی جبکہ پیپلز پارٹی کو ہر بار اور زیادہ مینڈیٹ دیا، اسی مینڈیٹ کا بدلہ ایم کیو ایم سندھ کے عوام سے لینا چاہتی ہے۔