سندھ ہائی کورٹ کا ڈی جی پاسپورٹ کو آئندہ سماعت پر خود پیش ہونے کا حکم

ہائیکورٹ میں پاسپورٹ کے اجراء نہ کرنے سے متعلق ڈی جی پاسپورٹ اور امیگریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی


ناصر بٹ November 19, 2026

سندھ ہائی کورٹ نے پاسپورٹ کے اجراء نہ کرنے سے متعلق ڈی جی پاسپورٹ اور امیگریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی پاسپورٹ کو آئندہ سماعت پر خود پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

ہائیکورٹ میں پاسپورٹ کے اجراء نہ کرنے سے متعلق ڈی جی پاسپورٹ اور امیگریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت نے اکتوبر 2024 میں پاسپورٹ کے اجرا کے متعلق درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی احکامات کے باوجود درخواستگزار کے بچوں کو پاس پورٹ جاری نہیں کیے جا رہے۔ عدالتی حکم پر نومبر 2024 سے پاسپورٹ کے اجرا کے لئے درخواست جمع کرائی تاحال پاسپورٹ حکام کے پاس تعطل کا شکار ہے۔

درخواستگزار جابر مختار پاکستانی اور سعودیہ کی شہریت رکھتے ہیں۔ درخواستگزار کی دو بیویاں اور دس بچے ہیں۔ درخواستگزار کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے لیکن بچوں کے ہاسپورٹ نہیں دیئے جارہے۔

عدالت نے ڈی جی پاسپورٹ کو آئندہ سماعت پر خود پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔