پنجاب بھر میں 30 روز کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع

 پنجاب میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہوگی


خالد رشید November 19, 2026

پنجاب بھر میں 30 روز کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی، پنجاب میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہوگی۔

ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے خفیہ کیمروں والی اسمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر عائد پابندی میں توسیع کر دی۔

بینکوں، پین، کی چین اور دیگر روزمرہ اشیاء میں چھپے مائیکرو کیمروں اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار ہے،  پابندی کا اطلاق خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیو اور آواز ریکارڈ کرنے اور منتقل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے آلات پر ہو گا۔

پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ آلات کی دکانوں پر اور آن لائن خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے، کوئی بھی دکاندار، تاجر یا ڈسٹری بیوٹر ممنوعہ خفیہ ریکارڈنگ والے آلات فروخت نہیں کر سکے گا، خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال سے شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔

خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر پابندی کا مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی عزت، وقار اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانا ہے، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ ٹرمینل آلات پابندی سے مستثنیٰ ہیں، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت لگائی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ خفیہ ریکارڈنگ آلات پر پابندی کا اطلاق 30 روز تک ہوگا، پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی۔