عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی کیخلاف سابقہ پارٹنر نے ایک اور مقدمہ دائر کردیا

2023 میں زیوریف کے خلاف جسمانی تشدد کے الزام پر سزا کا حکم جاری ہوا تھا تاہم انہوں نے اسے چیلنج کردیا تھا


اسپورٹس ڈیسک November 19, 2026

ٹینس کی عالمی نمبر ایک پوزیشن پر موجود جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو سابقہ پارٹنر برینڈا پیتیا کی جانب سے نئے قانونی چیلنج کا سامنا ہے۔

زیوریف کے وکلا نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے خلاف دائر مقدمے کا عدالت میں دفاع کریں گے۔

برینڈا پیتیا نے الزام عائد کیا ہے کہ زیوریف نے گھریلو تشدد کے مقدمے کے اختتام کو غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے اپنی بے گناہی ثابت ہونے کا دعویٰ کیا۔

وہ عدالت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ جرمن ٹینس اسٹار کو مستقبل میں ایسے بیانات دینے سے روکا جائے اور انہیں ہرجانہ بھی ادا کیا جائے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں زیوریف کے خلاف جسمانی تشدد کے الزام پر سزا کا حکم جاری ہوا تھا تاہم انہوں نے اسے چیلنج کردیا تھا۔

جون 2024 میں برلن کی عدالت میں مقدمے کی سماعت شروع ہوئی لیکن پیتیا کی خواہش اور زیوریف کی رضامندی سے کارروائی ختم کردی گئی۔

عدالت نے واضح کیا تھا کہ اس فیصلے کا مطلب نہ جرم ثابت ہونا تھا اور نہ ہی بریت۔

زیوریف کے وکلا کا مؤقف ہے کہ ان کے موکل کو اپنی بے گناہی پر یقین رکھنے اور اس کا اظہار کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔