مشیر اطلاعات خیبر پختونکوا ثمر بلور نے کہا ہے کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ میں سہیل آفریدی کا بھائی ملوث تھا جبکہ 80 فیصد پیسہ دہشتگردی میں استعمال ہو رہا تھا۔
چارسدہ پریس کلب میں میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے امن و امان پر کوئی توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی کی حکومت کواپنی حکومت کے خاتمے کا اندازہ تھا۔ گورنر راج اور ایمرجنسی لگنے سے پہلے پی ٹی آئی نے خزانہ خالی کیا تھا۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو صوبائی محکمہ اطلاعات کے پاس صرف 10 لاکھ روپے کے فنڈز موجود تھے۔ دیگر صوبائی محکموں سے بھی فنڈز نکالے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے معدنیات و دیگر وسائل پر پہلا حق اس صوبے کے عوام کا ہے۔ سہیل آفریدی کا بھائی نوید آفریدی اور دیگر لوگ غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث تھے۔ غیر قانونی گولڈ مائننگ کا 80 فیصد پیسہ دہشت گردی میں استعمال ہو رہا تھا۔ پی ٹی آئی حکومت کی نگرانی میں صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی گولڈ مائننگ ہو رہی تھی۔
ثمر بلور کا کہنا تھا کہ غیرقانونی گولڈ مائننگ میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پوری طرح ملوث تھی۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور ٹی ٹی پی آپس میں ملے ہوئے تھے۔ 11 نومبر کو کوہاٹ پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کیا۔ ردعمل کے طور پر تحریک طالبان پاکستان نے پی ٹی آئی کی ایما پر پولیس پر حملہ کیا۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس جوان شہید ہوئے۔ تحریک طالبان پاکستان نے کوہاٹ پولیس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک غیر قانونی گولڈ مائننگ کے چار مقامات کو کلیئر کیا گیا ہے۔