نیشنل سائبر کرائم کنٹرول انوسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) لاہور نے خود کو انسپکٹر ظاہر کرکے شہری سے 20 لاکھ روپے بٹورنے والے مرکزی ملزمکو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور زون نے کارروائی کرکے خود کو انسپکٹر ظاہر کرکے شہری سے 20 لاکھ روپے بٹورنے والا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا اور فراڈ کے ذریعے وصول کی گئی مکمل رقم برآمد کر لی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ساہیوال کے رہائشی سید حمزہ ارشاد بخاری کی شکایت پر مرکزی ملزم شاہد بشیر چیمہ کو گرفتار کر لیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے شہری کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پہنچ کر خود کو سرکاری انسپکٹر ظاہر کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے گرفتاری کی دھمکیاں دے کر شہری کو خوفزدہ کیا، ملزمان نے تین مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے شہری سے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے وصول کیے اور نام نہاد کلیئرنس دلوانے کے نام پر مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شکایت کنندہ کی جانب سے فراہم کردہ کال ریکارڈنگز، واٹس ایپ پیغامات اور بینک ریکارڈ کی روشنی میں این سی سی آئی اے لاہور زون کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری سے فراڈ کے ذریعے وصول کی گئی اور مکمل 20 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر کے واپس دلوا دی گئی ہے جبکہ اس معاملے میں دوسرے ملزم میاں وسیم کے کردار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔