پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے ٹرینی ڈاکٹروں کو انوکھا مشورہ دے ڈالا اور کہا ہے کہ تربیت مکمل ہونے تک شادی نہ کریں اور اسپتال سے جاری نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں (پی جی ٹیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ریزیڈنسی ٹریننگ کامیابی سے مکمل ہونے تک شادی جیسے اہم ذاتی فیصلے بھی مؤخر کردیں اور فی الحال اپنی تمام تر توجہ اسپتال، مریضوں، تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھیں۔
میڈیکل ڈائریکٹر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر خالد خان کے دفتر سے جاری ہونے والے آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ شعبہ طب کے تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کی بنیادی توجہ کلینیکل ڈیوٹیز، مریضوں کی دیکھ بھال، تعلیمی سرگرمیوں اور تحقیقی تقاضوں پر ہونی چاہیے،۔
ٹرینی ڈاکٹروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ریزیڈنسی کی مدت مکمل ہونے تک شادی جیسے ذاتی معاملات سے گریز کریں اور انتظامیہ نے اپنے نوٹیفکیشن میں تمام ٹرینی ڈاکٹروں سے اس مشورے پر مثبت انداز میں عمل کرنے کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔
آفس آرڈر کی نقول تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں، ایسوسی ایٹ ڈین پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، شعبہ طب کے سربراہان اور متعلقہ سپروائزرز کو ارسال کردی گئی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عام طور پر تعلیمی اور پیشہ ورانہ اداروں کی جانب سے ملازمین کو وقت کی پابندی، ڈیوٹی اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں لیکن حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے ٹرینی ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ توجہ برقرار رکھنے کے لیے شادی جیسے اہم ذاتی معاملے کو بھی اپنے مشورے کا حصہ بنا دیا ہے اور یوں اسپتال کی جانب سے جاری ہونے والا یہ مختصر سا نوٹیفکیشن ایک غیر معمولی موضوع بن گیا ہے۔