کراچی:
اینٹی نارکوٹکس فورس نے بحیرہ عرب میں پاک بحریہ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی شراب برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق بحیرہ عرب میں اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر اور اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے بڑی مقدار میں غیر قانونی درآمد شدہ شراب ضبط کرلی۔
فراہم کردہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جمعرات کو بحیرہ عرب میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک بے ریاست کشتی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی، ترجمان کے مطابق کشتی کی تفصیلی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی طور پر درآمد شدہ شراب برآمد ہوئی، جسے غیر قانونی طور پر تقسیم کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا، ضبط شدہ شراب کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت 15 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کی کامیابی میں خفیہ معلومات کے بروقت تبادلے، جدید رابطہ کاری اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون نے اہم کردار ادا کیا، مشترکہ آپریشن سے خطے میں سرگرم بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
کارروائی پاکستان کے سمندری حدود کے تحفظ، اسمگلنگ کی روک تھام اور علاقائی سلامتی کے لیے متعلقہ اداروں کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔